کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ صوبائی حکومت میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق صحت کے شعبے میں جامع اصلاحات متعارف کروانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آج آرٹیفیشل انٹیلیجنس، جدید طبی تحقیقات، اور جدید سہولیات کا دور ہے، اور ہمیں اس دور کے تقاضوں کے مطابق اپنے ہیلتھ سیکٹر کو جدید بنانا ہوگا۔ خاص طور پر نیورولوجی کے شعبے میں بہتری کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق سے استفادہ ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے گزشتہ روز 24ویں بین الاقوامی نیورولوجی اپ ڈیٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا صوبائی وزیر صحت نے مزید کہا کہ ہمیں ایک مضبوط اور مؤثر تھینک ٹینک کی ضرورت ہے جو صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے قابل عمل تجاویز پیش کرے۔ اس تھینک ٹینک کا مقصد صحت کے مسائل کا حل تلاش کرنا، جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے علاج معالجے میں بہتری لانا، اور صحت کے شعبے کو نئے چیلنجز کے لیے تیار کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لاتے ہوئے صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے گی تاکہ عوام کو بہتر علاج اور تحفظ فراہم کیا جاسکے۔ صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے اس بات پر زور دیا کہ ہم ایک ایسے نظام کی بنیاد رکھنا چاہتے ہیں جو آنے والے وقتوں میں صحت کے شعبے کو خود کفیل اور جدید بنائے۔ انہوں نے مزید کہا کہا کہ ہم جلد ہی کارڈیک واسکولر ڈیزیز ہسپتال کوئٹہ کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں، جو کہ صوبے میں ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کیئر پر مسلسل کام کر رہے ہیں تاکہ بنیادی اور جدید طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے لیے ہمیں مل کر چلنا ہوگا، کیونکہ مشترکہ کوششوں سے ہی ہم عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات فراہم کر سکتے ہیں۔
ہمیں ایک مضبوط اور مؤثر تھینک ٹینک کی ضرورت ہے جو صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے قابل عمل تجاویز پیش کرے،بخت محمد کاکڑ

ٹیگز:
بخت محمد کاکڑ
