کوئٹہ(اڈیلی گرین گوادر)چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ کارڈ بلوچستان ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے کوئٹہ کے سرکاری ہسپتالوں میں غریب عوام کا ہیلتھ کارڈ کے ذریعے مفت علاج کیا جارہا ہے،کارڈیک ڈیپارٹمنٹ اور 11 دیگر اسپیشلٹیز نے سنڈیمن سول ہسپتال کوئٹہ میں ہیلتھ کارڈ پروگرام کے ذریعے بلوچستان کے پسماندہ لوگوں کو صحت کی معیاری خدمات کی فراہمی کو جاری رکھنے کا عہد کیا ہے،بی ایم سی میں ہیلتھ کارڈ کے حوالے سے پائی جانے والی تمام غلط فہمیاں دور کردی گئی ہیں۔یہ بات انہوں نے منگل کو ہیلپر آئی ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر سلطان لہڑی،سول ہسپتال کوئٹہ کے ایم ایس ڈاکٹر اسحاق پانیزئی،میڈیکل فیکلٹی، کارڈیالوجی،گائناکالوجی اوررجری کیشعبوں کے کنسلٹنٹس کے ساتھ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ڈاکٹرسمیع کاکڑ نے کہا کہ ہیلپر آئی ہسپتال کوئٹہ میں ہیلتھ کارڈ کے ذریعے مریضوں کا علاج کا عمل گزشتہ 8ماہ سے تعطل کا شکار تھا ہیلتھ کارڈ کے ذریعے مریضوں کے علاج کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے مریضوں کا باقاعدہ ہیلتھ کارڈ پر علاج دوبارہ شروع کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول ہسپتال کوئٹہ میں کارڈیک ڈیپارٹمنٹ اوردیگر 11اسپیشلٹیز نے ہیلتھ کارڈ پرگرام کے ذریعے بلوچستان کے غریب اور مستحق لوگوں کو صحت کی معیاری خدمات کی فراہمی کو جاری رکھنے کاعہد کیا ہے۔ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ نے کنسلٹنٹس کو یقین دلایا کہ ہیلتھ کارڈ پروگرام کنسلٹنٹس کو اپنا بھر پورتعاون فراہم کریگا ہیلتھ کارڈ پروگرام کی کامیابی کیلئے اجتماعی کوششیں بہت ضروری ہیں۔ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ نے کہا کہ بولان میڈیکل ہسپتال میں ہیلتھ کارڈ کے حوالے سے پائی جانے والی غلط فہمیاں دور کردی گئی ہیں اور ہیلتھ کارڈ کے ذریعے مریضوں کے علاج کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے جلد ہی بی ایم سی ایچ میں 24/7 سروسز ہیلتھ کارڈ پر مریضوں کے لیے مکمل طور پر دستیاب ہوں گی اس اقدام کا مقصد وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی، وزیر صحت بخت محمد کاکڑ،سیکرٹری صحت صالح بلوچ کے وژن کے مطابق عوام کو مفت اور معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے صحت کی خدمات بالکل مفت فراہم کی جائیں گی تاکہ ہر فرد، خصوصاً غریب اور نادار طبقہ بہترین علاج تک باآسانی رسائی حاصل کر سکے یہ منصوبہ صوبے کے صحت کے نظام کو مضبوط اور مستحکم کرنے کی جانب ایک نمایاں قدم ہے جو ہزاروں مریضوں کی زندگی میں بہتری لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے ملک بھر کے 1200سے زائد ہسپتال میں ابتک 90ہزار سے زائد مریضوں کو علاج معالجے کی مفت سہولت فراہم کی گئی ہے صوبائی حکومت نے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے صحت کے بجٹ میں 2گنا اضافہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جلد ہی صوبے کے تمام ہسپتالوں تک ہیلتھ کارڈ کی خدمات کو وسعت دی جائے گی عوام ہیلتھ کارڈکی سہولت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلتھ کارڈ کی ہیلپ لائن پر اپنی شکایت درج کروائیں۔انہوں نے کہا کہ ہرممکن تعاون کا یقین دلانے پر ہیلپر آئی ہسپتال کوئٹہ، بولان میڈیکل ہسپتال اور سول ہسپتال کے ایم ایس اور کنسلٹنٹس کا شکریہ دا کیا۔
سرکاری ہسپتالوں میں غریب عوام کا ہیلتھ کارڈ کے ذریعے مفت علاج کیا جارہا ہے،ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ

ٹیگز:
ڈاکٹر سمیع اللہ کاکڑ
