اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ نوازشریف آج ٹی وی پر آئے اور عوام کو ایک بار پھر گمراہ کرنے کی کوشش کی۔حماد اظہر نے نوازشریف کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ معیشت اور سیاست کے بارے میں نواز شریف نے جو نکات اٹھائے اس کا جواب دینا چاہتا ہوں۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ’نوازشریف نے کہا کہ ڈالر ان کے دور میں 105 کا تھا۔ لیکن انھوں نے جس طرح ڈالر کو ایک سو پانچ پر رکھا اس کی وجہ سے 2017 میں معاشی بحر ان آیا۔‘انھوں نے کہا کہ ’آپ (نوازشریف) کے پیدا کردہ معاشی بحران کو بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنی حکومت میں سنبھالا‘۔
حماد اظہر نے کہا کہ بجلی کی قیمت بڑھنے کی وجہ وہ مہنگے معاہدے ہیں جو نوازشریف کے دورمیں کیےگئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میاں صاحب آپ نے ڈیل کرکے اپنے بھائی اور بیٹی کےلئے حکومت لی ہے۔ آپ نے اپنے اقتدار کے لئے عوام کو اس صورتحال سے دوچار کیا۔‘

