کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے ماشکیل سے لانگ مارچ کرکے کوئٹہ آنے والوں کے جائز مطالبات کو ہر صورت تسلیم کرکے اس پرعملدرآمد کیا جائے گا،وزیراعلیٰ کی ہدایت پر لانگ مارچ کے شرکاء سے مذاکرات کیلئے آئے تھے ان سے بات چیت کرکے اب وزیراعلیٰ بلوچستان کو مطالبات کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کریں گے۔یہ بات انہوں نے اتوار کو صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میرسلیم کھوسہ، جمعیت علماء اسلام کے رکن بلوچستان اسمبلی میرزابد ریکی اورلانگ مارچ کی قیادت کرنے والے جی ایم خان ریکی کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب کے باہر احتجاجی دھرنے میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ میرشعیب نوشیروانی نے کہا کہ ماشکیل اوربارڈر کے اردگرد علاقوں میں اشیاء خوردونوش ایران سے آتی ہیں اور بارڈر کے دونوں جانب آباد شہریوں کے درمیان رشتہ داریاں ہیں بارڈر بند ہونے سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے ہماری کوشش ہوگی کہ پاکستان اورایران بارڈر کے دونوں طرف آباد شہریوں کو اپنے رشتہ داروں سے ملنے کیلئے راہداری کو بحال کریں اورایران سے پاکستان کیلئے اشیاء خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے کیونکہ ماشکیل کوئٹہ شہر سے 700کلومیٹر کی مسافت پر واقع ہے بارشوں کے دوران راستہ کچا ہونے کی وجہ سے وہاں اشیاء خوردونوش کی فراہمی انتہائی مشکل ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوکنڈی ٹو ماشکیل روڈ کی تعمیر وفاقی پروجیکٹ ہے صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم کھوسہ اس حوالے سے این ایچ اے حکام سے رابطہ کرکے سڑک کی تعمیر پر کام کی رفتار کوتیز کرنے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ماشکیل میں غیرفعال تعلیمی اداروں کی فعالی،ہسپتال میں ڈاکٹروں سمیت دیگر عملے کی موجودگی اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی سے متعلق متعلقہ صوبائی وزراء سے بات کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں میرشعیب نوشیروانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جو بیرون ملک کے دورے پر ہیں انکی ہدایت پر ہم ماشکیل سے لانگ مارچ کرکے کوئٹہ آنے والوں سے مذاکرات کیلئے آئے تھے انکے مطالبا ت سنے ہیں اب واپس جاکر وزیراعلیٰ بلوچستان کو لانگ مارچ کے شرکاء کے مطالبات ؎ سے آگاہ کریں گے اور ہماری کوشش ہوگی کہ جلد سے جلد لانگ مارچ کے شرکاء کے جائز مطالبات کو تسلیم کیا جائے۔
ماشکیل لانگ مارچ والوں کے جائز مطالبات کو ہر صورت تسلیم کرکے اس پرعملدرآمد کیا جائے گا،میرشعیب نوشیروانی

ٹیگز:
میرشعیب نوشیروانی
