کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان ایمپلائز اینڈ ورکرزگرینڈالائنس کے صدر حاجی حبیب الرحمن مردان زئی نے کہاہے کہ سرکاری محکموں میں کنٹریکٹ کی بنیادپر بھرتی کو مستردکرتے ہوئے کہاہے کہ بھرتی کا عمل مستقل بنیادوں پر کیاجائے اور مختلف محکموں میں کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے ملازمین مستقل کیا جائے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ (نجکاری) کی پالیسی ترک کی جائے،سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے خاطر خواہ اضافہ کیاجائے،ملازمین کے ساتھ ناانصافیوں و مطالبات کی روشنی میں بیوگا نے ایک مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی ہے جو ارباب اختیار سے باہمی گفت و شنیدکے ذریعے مسائل کا حل نکالے اگر 10جون تک ہمارے مطالبات کو سنجیدگی سے نہ لیا گیاتو سخت احتجاج پرمجبورہونگے۔انہوں نے کہا کہ سرمایہ داری اور نیو لیبرل معاشی پالیسیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والی مہنگائی اور افراط زر کی شدید لہر نے عالمی اور ملکی سطح پر عام عوام بالخصوص چھوٹے ملازمین، محنت کش اور متوسط طبقے کو شدید اذیت سے دوچار کر دیا ہے جبکہ ہمارے ہاں جاگیردارانہ نظام اور وڈیرہ شاہی نے حالات کی خرابی میں کوئی کسرباقی نہیں چھوڑی اور حکمران طبقے کی عیاشیوں اور غلط پالیسوں کا خمیازہ صرف اور صرف عام عوام خصوصاًملازمین کو ہی بھگتنا پڑ رہا ہے جبکہ ملکی ٹیکس محصولات کی مد میں سب سے زیادہ حصہ ملازمین کا ہی ہے۔س کے برعکس آئے روز اصلاحات کے نام پر ملازمین پرمزید بوجھ ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر حکومت کی طرف سے مسلط کر دہ استحصالی اقدامات کی وجہ سے ملازمین کیلئے سفید پوشی کا بھر م رکھنا بھی مشکل ہو گیا ہے خصوصاً کم آمدنی والے ملازمین کے گھروں میں نوبت فاقوں تک آن پہنچی ہے بد قسمتی سے بلوچستان کی تقریباً آدھی آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبورہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی نااہلی کا یہ عالم ہے کہ حکومتی پالیسی سازوں اور ارباب اختیار پر ایک کثیر رقم خرچ ہو رہی ہے اس کے باوجود ان کی کارکردگی پر یہ ایک سوالیہ نشان ہے کہ وہ آج تک ایسی جامع اور دیر پا پالیسی مرتب نہیں کر سکے جس سے صوبے کی آمدن میں کوئی خاطر خواہ اضافہ ہوپہلے سے مہنگائی سے مارے ہوئے ملازمین کونجکاری،پنشن اصلاحات کے نام پر ڈاکہ، الاؤنس میں واضح فرق جیسے ملازمین دشمن اقدامات کو ہی ارباب اختیار درست معاشی پالیسی سمجھنے لگے ہیں جوکہ خالصتاً ملازمین دشمنی کے سوا کچھ نہیں اس کے اثرات مزید غربت اور پسماندگی کی شکل میں برآمد ہونگے آج جو جدوجہد مزدور، ملازم، محنت کش طبقہ، ملازمین دشمن پالیسوں کے خلاف بیوگا کے پلیٹ فارم سے ہونے جا رہی ہے یہ ذمہ داری اراکین اسمبلی خصوصاً حکومتی ارکان کی ہے کہ وہ ہر اس پالیسی کا حصہ نہ بنیں جو ملازمین کے مفادات کے برعکس ہو۔انہوں نے کہاکہ مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ،پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ(نجکاری) کی پالیسی ترک،پنشن اصلاحات کے نام پر ملازمین سے ناانصافی بند کی جائے۔انہوں نے کہاکہ لواحقین کوٹہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں،کنٹریکٹ کی بجائے بھرتی کا عمل مستقل بنیادوں پر ہو۔ جبکہ بلوچستان بھر کے مختلف محکموں میں کنٹریکٹ/ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہاؤس رینٹ اور میڈیکل الاؤنس میں خاطر خواہ اضافہ، بلوچستان کے مختلف محکموں کی آسامیوں کو اپ گریڈکیا جائے،بلوچستان کے تمام محکموں کے ملازمین کیلئے ضلعی سطح پر ہاوسنگ سکیم کا اجرا کیا جائے۔انہوں نے اے جی آفس کے اختیارات نچلی سطح پر منتقل ہو چکے ہیں اس پر فوری طور پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے بلوچستان کے نئے ترمیم شدہ مجوزہ لیبر قوانین(BIRA) کا فوری نفاذکیائے اور 62ٹریڈ یونیز پر عائد پابندیوں کا خاتمہ کیا جائے، محکمہ تعلیم و صحت میں لازمی سروس ایکٹ کا خاتمہ کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ تمام انڈسٹریل اور مائنز ورکرز کو EOBIمیں رجسٹر کیا جائے۔ اور EOBIکے پنشن میں 100فیصداضافہ کیا جائے مائز کے حادثات کے روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں نیز ورکر ویلفیئر فنڈ کو بلوچستان اسمبلی کے قرار داد کے مطابق مرکزی سطح پر رکھا جائے۔
سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے خاطر خواہ اضافہ کیاجائے،بیوگا

ٹیگز:
بیوگا
