کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان کے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریگی، کوئٹہ میں زلزلہ برداشت کرنے والے 600سے 1000گھر تعمیر کر نے جارہے ہیں، فیلڈ افسران اگر فیلڈ میں نظر نہیں آئیں گے تو انکے خلاف کاروائی ہوگی، کوئٹہ کے 62نالوں پر تجاوزات کے خاتمے کے لئے کاروائی کریں گے، حکومت ڈرائیونگ لائسنس اسکول قائم کر نے جارہی ہے جس میں نہ صرف عالمی معیار کے مطابق ڈرائیونگ بلکہ تین مختلف زبانیں بھی سیکھائی جائیں گی۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو پی ڈی ایم اے کے دفتر میں یو این ڈی پی کے تعاون سے تعمیر کئے جانے والے گھروں کے منصوبے کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ کے نواحی علاقے ہنہ اوڑک میں یو این ڈی پی کی گرانٹ کے تحت 600سے 1000 ایسے مکانات بنائے جارہے ہیں جو 8شدت تک کے زلزلے کی شدت برداشت کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مزدوروں کی فلاح کے لئے رجسٹریشن کی تعداد بڑھانے جارہے ہیں اس وقت صوبے میں 19ہزار مزدور رجسٹرڈ ہیں حکومت مزدوروں کے 500بچوں کو اعلیٰ تعلیم کے لئے ورکرز ویلفیئر فنڈ کے ذریعے اسکالرشپ فراہم کرنے جارہی ہے جبکہ صوبے کے 30ہزارنوجوانوں کو ہنر سیکھا کر دنیا بھر میں بھیجیں گے جس سے وہ نہ صرف اپنے اور اپنے خاندان بلکہ ملک کے لئے زرمبادلہ پیدا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ موٹر وے پولیس نے کوئٹہ میں ڈرائیونگ لائسنس اتھارٹی قائم کی ہے جس کا لائسنس پوری دنیا میں تسلیم شدھ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ڈرائیونگ لائسنس اسکول بنائے گی جہاں نہ صرف ڈرائیونگ بلکہ عربی، فرانسیسی، انگریزی زبانیں بھی سیکھائیں گے تاکہ ہمارے نوجوان مختلف ممالک میں جاکر اپنے لئے روزگار پید ا کرسکیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کو بے روزگاری نے جکڑا ہوا ہے ہمارے یہی بچے بعد میں غلط انداز میں استعمال کئے جاتے ہیں ہم نوجوانوں کو ہنر مند بنائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے وفاقی حکومت کی گرانٹ سے گھر جلد بنائے جائیں گے، سیلاب بحالی فنڈز سے انفراسٹرکچر، سڑکیں بھی بنیں یہ منصوبہ جلد چلتا ہوا نظر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان وفاق کی اکائی ہے ہم وفاقی حکومت کے فیصلوں کے ساتھ کھڑے ہیں ہم اپنے مسائل پر وفاق سے بات کریں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ کے 62نالوں پر تجاوزات ہیں،نالوں پر مساجد بنائی گئی ہیں یہ جنت جانے کا کونسا راستہ ہے کوئٹہ میں انسداد تجاوزات مہم چلائیں گے شہر میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کچرہ اٹھانے کا منصوبہ لائیں گے جس سے شہریوں کے گھروں سے کچرہ اکھٹا کرنے کے ساتھ ساتھ اسے ٹھکانے لگایا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ قلی اب خاتمے کی جانب جارہے ہیں حکومت ان آسامیوں کو لیویز، پولیس سمیت دیگر محکموں میں لیکر جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزراء کو محکمے تفویض کر دئیے ہیں جس کے بعد وہ ان محکموں میں بہتری کے لئے کام کر رہے ہیں فیلڈ افسران اگر فیلڈ میں نہیں ہونگے انکے خلاف کاروائی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ساحلی علاقوں میں غیر قانونی ٹرالنگ پروفاقی اور سندھ حکومتوں سے بات کی ہے جس پر وزیر اعلیٰ سندھ نے متعلقہ محکمے کو ہدایات دی ہیں دونوں صوبوں کے محکمہ فشریز ملکر اس حوالے سے لائحہ عمل بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریگی۔
بلوچستان کے حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرینگے،میر سرفراز بگٹی

ٹیگز:
میر سرفراز بگٹی
