کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیف آف سراوان وسابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی کی جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کے حوالے سے 07دسمبر کو سراوان ہاؤس میں منعقدہ جلسے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل سراوان ہاؤس اور اطراف کی سڑکوں پر خیر مقدمی بینرز آویزاں کردیئے گئے جبکہ سیکورٹی و دیگر انتظامات کے حوالے سے متعدد کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔جلسے میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ و جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن سمیت جمعیت کے مرکزی و صوبائی قائدین شریک ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق چیف آف سراوان و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی کی جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کے اعلان کے ساتھ ہی سراوان ہاؤس ایک مرتبہ پھر صوبے کی سیاست کا مرکز بن گیا، نواب محمد اسلم خان رئیسانی سے صوبے کی اہم سیاسی و قبائلی شخصیات کی ملاقاتوں کا سلسلہ پیر کے روز بھی جاری رہا جبکہ 07دسمبر کو ہونے والے جلسے کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دیدی گئی ہے اس سلسلے میں نوابزادہ رئیس رئیسانی کی سربراہی میں گزشتہ روز ہونیوالے اجلاس میں مختلف اہم کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ہیں جو جلسہ کے انتظامات کو یقینی بنائیں گی۔ دوسری جانب قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کے جلسے میں شرکت کے حوالے سے سراوان ہاؤس و اطراف میں خیر مقدمی بینرز آویزاں کئے گئے ہیں جن پر قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن، سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم خان رئیسانی جمعیت کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع سمیت مرکزی و صوبائی قائدین کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں۔ 7 دسمبر کو سراوان ہاؤس کوئٹہ میں ہونے والے جلسے سے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ و جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن، چیف آف سراوان و سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب محمد اسلم خان رئیسانی، جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع ودیگر مرکزی وصوبائی قائدین خطاب کریں گے اس موقع پر نواب محمد اسلم خان رئیسانی کی قیادت میں ہزاروں افراد جمعیت علماء اسلام میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔
7 دسمبرکوسراوان ہاؤس میں منعقدہ جلسے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل

ٹیگز:
نواب محمد اسلم رئیسانی
