ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈیلی گرین گوادر)پنجاب کے شہر ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گھریلو جھگڑے پر خاتون نے 5 بچوں سمیت زہر نگل لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی علاقے میں بچیوں کے رشتے کے تنازع پر میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا، جس میں خاتون نے طیش میں آکر پہلے 5 بچوں کو زہریلی چیز کھلائی اور پھر خود بھی کھالی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی متاثرہ خاتون اور بچوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں 4 بچے انتقال کرگئے، خاتون اور ایک بچہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں جنہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔جاں بحق ہونیوالے بچوں میں 3 بیٹیاں اور ایک بیٹا شامل ہے، 18 سالہ مدیحہ، 17 سالہ ثانیہ، 10 سالہ اقراء اور 7 سالہ علی حسن جاں بحق ہوگئے۔
پولیس نے مبینہ طور پر زہر دینے کے الزام پر شوہر کو حراست میں لے لیا، شوہر نے اپنے بیان میں کہا کہ بچیوں کے رشتے کی وجہ سے بیوی کیساتھ لڑائی جھگڑا رہتا تھا، میری غیر موجودگی میں انہوں نے پتہ نہیں کیا کھایا جب میری فون پر بات ہوئی تو سب الٹیاں کررہے تھے۔

