راولپنڈی (ڈیلی گرین گوادر) آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گوادر، تربت اور بشام شانگلہ میں کی گئی بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد داخلی سلامتی کی صورتحال کو غیر مستحکم کرنا ہے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی و عوامی فلاح و بہبود کے لیے اہم اسٹریٹجک منصوبوں اور حساس مقامات کو نشانہ بنانا پاکستان اور اس کے اسٹریٹجک اتحادیوں و شراکت داروں خاص طور پر چین کے ساتھ اختلاف پیدا کرنے کی کوشش ہے۔بیان میں کہا گیا کہ مسلح افواج نے پہلی دو کوششوں کو کامیابی سے ناکام بنا دیا، شانگلہ واقعے میں 5 چینی شہریوں سمیت 6 بے گناہ شہری ہلاک ہوئے، پوری قوم اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے اور اس بزدلانہ کارروائی کی بلا امتیاز مذمت کرتی ہے۔آئی ایس پی آر نے کہا بعض غیر ملکی عناصر اپنے ذاتی مفادات کے تحت پاکستان میں دہشت گردوں کی مدد اور انکی حوصلہ افزائی میں ملوث ہیں۔ یہ عناصر مسلسل دہشت گردوں کے سرپرست کے طور پر بے نقاب ہو رہے ہیں۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ معصوم شہریوں، غیر ملکیوں اور مسلح افواج کے خلاف تشدد کی ایسی گھناؤنی کارروائیاں پاکستانی عوام، اس کی سیکورٹی فورسز اور ہمارے شراکت داروں کے ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے عزم کو پست نہیں کر سکتیں۔
شانگلہ واقعہ پاکستان اور چین میں اختلاف پیدا کرنے کی کوشش ہے، آئی ایس پی آر

ٹیگز:
آئی ایس پی آر
