شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید ہوگئے، جوابی کاروائی میں 6 دہشتگرد بھی مارے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں 6 دہشتگردوں پر مشتمل گروہ نے پاک فوج کی سیکورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکورٹی فورسز نے دراندازی کی کوشش ناکام بنائی تو دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی چوکی سے ٹکرا دی، اس کے بعد متعدد خودکش بم حملے ہوئے، جس کے نتیجے میں ایک عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا۔
پریس ریلیز میں بتایا گیا کہ لیفٹیننٹ کرنل کاشف کی قیادت میں فوجی دستوں نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے تمام 6 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگرد حملے میں پاک فوج کے 5 جوان شہید ہوگئے، فائرنگ کے شدید تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے، فائرنگ کے تبادلے کے دوران کیپٹن محمد احمد بدر بھی جام شہادت نوش کرگئے۔

