اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)حکومتی اتحاد کے نامزد سردار ایاز صادق قومی اسمبلی کے سپیکر منتخب ہوگئے ہیں جبکہ انہوں نے عہدے کا حلف بھی اٹھا لیا ہے۔ سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لئے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اراکین نے خفیہ رائے شماری کے ذریعے سپیکر کے عہدے کے لئے امیدواروں کو ووٹ کاسٹ کیا۔
راجہ پرویز اشرف نے سردار ایاز کی کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سپیکر کے عہدے کے لئے کل 291 ووٹ کاسٹ ہوئے جس میں ایک ووٹ مسترد ہوا اور سردار ایاز 199 ووٹ حاصل کر کے قومی اسمبلی کے نئے سپیکر منتخب ہوگئے ہیں۔ راجہ پرویز اشرف نے اعلان کیا سردار ایاز صادق کے مقابلے میں سنی اتحاد کونسل کے امیدوار ملک عامر ڈوگر نے 91 ووٹ حاصل کیئے۔
سپیکر منتخب ہونے کے بعد ایاز صادق ملک عامر ڈوگر کی نشست پر گئے اور ان کے ساتھ مصافحہ کیا، انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے سربراہ حامد رضا اور عمر ایوب خان سے بھی مصافحہ کیا جبکہ یوسف رضا گیلانی نے پرجوش طریقے سے گلے لگاکر ایاز صادق کو مبارکباد دی۔بعدازاں، راجہ پرویز اشرف نے سردار ایاز صادق سے حلف لیا۔

