کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں مافیا اور پیراشوٹروں کی بحیثیت ممبر بلوچستان اسمبلی حلف اٹھانے کے عمل کو صوبے کے عوام اورانکی رائے کے ساتھ سنگین مذاق قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صوبے کو مافیا کے حوالے کیا گیا ہے جوکہ اس صوبے کے عوام کے ساتھ سخت نا انصافی اور ظلم ہے بلوچستان جوکہ پہلے سے شدید محرومی،پسماندگی،غربت اوربے روزگاری کا شکار ہے اس پر غیر حقیقی افراد کو مسلط کرنے سے احساس محرومی کی شدت میں اضافہ اور عوام میں مایوسی پیدا ہونے کے خدشات موجود ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واحد الیکشن ہے کہ اس میں ریجیکٹڈ افراد کو الیکٹڈ افراد پر ترجیح دی گئی ہے اورمنتخب ممبروں پر مسترد شدہ افراد کو مسلط کرکے اسمبلی کے وقار اوراسکے تقدس کے ساتھ کھیلا گیا اس سے بڑی توہین اس صوبے کے عوام اور رائے دہندگان کی کیا ہوسکتی ہے کہ اسمبلی میں انکی نمائندگی کے نام پر جانے والے اس سوال کا جواب تک نہیں دے سکتے کہ وہ فارم 47کی بنیاد پر آئے ہیں یا فارم 45کی بنیاد پر آئے ہیں بیان میں کہا گیا ہے کہ پی بی40اورپی بی 42کے ووٹروں کے ووٹ رات کی تاریکی میں آر اوز کی ملی بھگت سے چرائے گئے جس کی سرپرتی ڈی آراو نے کی تھی انکے اس عمل سے کوئٹہ کے شہری حقیقی حق نمائندگی سے محروم ہوگئے ہیں اوراب کوئٹہ کی شہریوں کی موثر آواز اسمبلی میں موجود نہیں مگر جو پیراشوٹرز مافیا اس خام خیالی میں مبتلا ہے کہ وہ چوری شدہ ووٹوں کے ذریعے عوام پر حکمرانی کریں گے وہ اس خیال کو دل سے نکال دیں پارٹی اور کوئٹہ کے شہری انہیں کسی صورت عوام کا نمائندہ تسلیم نہیں کریں گے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے حق حکمرانی کو حاصل کرنے اورفارم 45کے مطابق اصل نتائج کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے عوامی احتجاج اورآئینی و قانونی ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے ہرصورت میں پیراشوٹروں کوبے نقاب کرکے انکی اصلیت عوام کے سامنے لائیں گے۔
منتخب ممبروں پر مسترد شدہ افراد کو مسلط کرکے اسمبلی کے وقار اوراسکے تقدس کے ساتھ کھیلا گیا، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی

ٹیگز:
ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی
