کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان نیشنل پارٹی کے ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ضلعی صدر غلام نبی مری اور ضلعی سیکریٹری اطلاعات نسیم جاوید ہزارہ نے اپنے ایک بیان میں چار جماعتی اتحاد کے زیر اہتمام عظیم الشان اور تاریخی جلسہ عام میں بھرپور شرکت کرنے اور اس کو کامیاب بنانے پر کوئٹہ کے جمہوریت پسند شہریوں اور پارٹی کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ چار قوم پرست جماعتوں نے حالیہ فراڈ الیکشن کو مسترد کرتے ہوئے عوام کی عدالت میں پیش ہونے کا جو فیصلہ کیا ہے وہ ایک درست فیصلہ ہے ہمارا مقصد اسمبلی کی سیٹیں نہیں ہیں یاد رہے کہ بی این پی 2006 میں نواب اکبر خان بگٹی کی شہادت پر احتجاجا اسمبلیوں سے استعفے دیے تھے انہوں نے کہا ہے کہ ہمارے لئے اقتدار کوئی معنی نہیں رکھتا البتہ عوام کی حق رائے دہی پر ڈاکہ ڈالنے اور مقدس اسمبلی کی نشستوں کی نیلامی اور سودا فروخت کو ہرگز تسلیم نہیں کریں گے۔ عوام کے جملہ حقوق کا تحفظ ہماری پارٹی پالیسی ہے۔ ہم مسلح جدوجہد کی بجائے جمہوری جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں لیکن الیکشن میں حالیہ بدترین دھاندلی نے ثابت کر دیا کہ یہاں جمہوریت پر قدغن ہے اور حکمران چننے کے عمل میں عوام کے ووٹ کی قدر نہیں کی جاتی بلکہ چند سرکاری اہلکار رشوت لے کر اپنے من پسند افراد کو اسمبلیوں میں لاتے ہیں جو کہ قابل شرم اور اس ملک کی رسوائی اور پسماندگی کا باعث ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ الیکشن میں بدترین دھاندلی کے خلاف کل نیشنل ہائی ویز میں پہیہ جام ہڑتال کو کامیاب بنانے اور عوامی ووٹوں کی چوری کے خلاف چارجماعتی اتحاد کی کال پر لبیک کہتے ہوئے قومی شاہراہوں پر اپنی گاڑیاں نہ نکالے تاکہ انہیں کسی دشواری اور پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
الیکشن میں حالیہ بدترین دھاندلی نے ثابت کر دیا کہ یہاں جمہوریت پر قدغن ہے، غلام نبی مری

ٹیگز:
غلام نبی مری
