لاہور(ڈیلی گرین گوادر) کتاب انسان کو صحیح غلط کی تمیز اور جینے کا وہ شعور سکھاتی ہے جو معاشرے کی تعمیر و ترقی اور اخلاقی قدروں کے استحکام کے لئے اہم ہے ۔ نوجوان نسل کتاب کے زریعے اپنی درخشاں اسلامی تاریخ سے آگاہ ہوں اور اپنے وطن کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق نے لاہور انٹرنیشنل بک فئیر کے موقع پر اصلاحی و ادبی انجمن حریم ادب کے اسٹال کے دورہ کے دوران کیا۔انہوں نےکہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی کے لیے اصلاحی ادب ناگزیر ہے۔سوشل میڈیا نے کتب بینی کے شوق کو متاثر کیا ہے۔ کسی بھی چیز کے بارے میں جاننے کا مستند ذریعہ کتاب ہے۔ حریم ادب خواتین کا وہ ادارہ ہے جو اصلاحی ادب کے فروغ میں کردار ادا کر رہا ہے۔ اصلاحی ادب کسی بھی اعلی تہذیب کو پروان چڑھاتا ہے اور یہی تہذیب ملک و قوم کی ترقی کی غماز ہے۔ انہوں نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے انسانی تاریخ میں عورت کے کردار پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے تمام انبیاء کرام کو ماں، بہن اور بیٹی کی صورت میں بہترین خواتین کا ساتھ دیا، جن کی کوششوں سے آج کی عورت کا سر فخر سے بلند ہے۔ ہمیں اسلامی اصولوں پر عمل پیرا ہو کر اس سفر کو جاری رکھنا چاہیے۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے حریم ادب کی جانب سے اصلاحی ادب کے فروغ کی کوششوں کو سراہا اور کامیابی کی دعا کی۔ انہوں نے صدر حریم ادب عالیہ شمیم کو بھی کراچی اور لاہور بک فیئر میں باقاعدگی سے اسٹال لگانے پر مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر ڈپٹی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر زبیدہ جبیں اور نگراں حریم ادب وسطی پنجاب عصمت اسامہ بھی موجود تھیں۔
کتاب انسان کو صحیح غلط کی تمیز اور جینے کا وہ شعور سکھاتی ہے،ڈاکٹر حمیرا طارق

ٹیگز:
ڈاکٹر حمیرا طارق
