اسلام آباد: ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے دارالحکومت میں تمام تقریبات پر پابندیاں عائد کردیں۔ کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت میں نئی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں، اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات نے این سی او سی کی ہدایات پر نئے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں یکم اپریل سے ہر قسم مارکیز اور شادی ہالز کے اندر اور باہر ہر قسم کی شادیوں اور دیگر تقریبات پر پابندی عائد ہوگی، اسپورٹس ٹورنامنٹ، سوشل تقریبات، کلچرل تقریبات اور مذہبی تقریبات پر پر بھی پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شب برات پر اسلام آباد کے قبرستانوں میں کسی بھی قسم کی عوامی اجتماع کی اجازت نہیں ہوگی، ایچ ایٹ اور ایچ الیون کے قبرستانوں میں اسسٹنٹ کمشنرز شب برات کے دن اور رات کو عوامی اجتماع کو روکنے کی پابندی کروائیں گے، جب کہ قبرستانوں میں میتوں کی تدفین کرونا ایس او پیز کے مطابق کی جائے گی۔

