کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پارٹی کا10نکاتی منشور عوام اور ملک کی ترقی وخوشحالی کا منشور ہے عوام 8فروری کو پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں تاکہ پیپلز پارٹی اپنے منشور پر عملدرآمد کرتے ہوئے ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرسکے۔یہ بات انہوں نے پارٹی کے دفتر میں ملاقات کرنے والے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بھر پور طریقے سے 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں حصہ لے رہی ہے اورپارٹی نے مضبوط امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 10نکات پر مشتمل پارٹی منشور عوام کے سامنے پیش کیا ہے جس میں پانچ سال میں ملاز مین کی تنخواہوں کو دگنا اضافہ،غریب طبقے کے لیے 300 یونٹ سولر انرجی کا انتظام،یکساں معیاری تعلیم کے منصوبے،پورے پاکستان میں صحت کا مفت نظام کا نفاذ،سیلاب متاثرین کو گھر اور کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق کی فراہمی،غریب عوام کو بینظیر انکم سپورٹ کے طرز پر مدد،کسان کارڈ کا اجرا،ملک بھر کے تمام مزدوروں کے لیے بینظیر انکم سپورٹ کارڈ متعارف کرنے،نوجوانوں کو یوتھ کارڈ کے ذریعے مدد فراہمی،تمام ڈویژنز میں یوتھ سینٹرز کا قیام شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے پورے ملک میں اپنی انتخابی مہم بھر پور طریقے سے شروع کر رکھی ہے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،آصف علی زرداری، آصفہ بھٹو اوردیگر مرکزی اور صوبائی قائدین حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی کے حق میں فیصلہ دیدیا ہے انشاء اللہ 8فروری کو پاکستان پیپلز پارٹی پورے ملک میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔
عوام 8فروری کو پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دیکر کامیاب بنائیں، سردارسربلند جوگیزئی

ٹیگز:
سردارسربلند جوگیزئی
