لاہور (ڈیلی گرین گوادر)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہمیں نہ پٹواریوں کی اور نہ کسی اور کی ضرورت ہے، صرف عوام کا ساتھ چاہتا ہوں، 90 کی تقسیم اور نفرت کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیں گے۔
لاہور کے حلقہ این اے 127 میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ لاہور کسی کھلاڑی اور بزنس مین کا شہر نہیں، ذوالفقار علی بھٹو شہید کا شہر ہے، اور میں اپنے شہر سے الیکشن لڑرہا ہوں، لاہور سے اپنا رشتہ جوڑنے کے لیے واپس آیا ہوں، آپ نے گھر گھرپارٹی کا پیغام پہنچانا ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ ہم کیوں آئے ہیں، ہم پوچھتے ہیں وہ کیوں آئے تھے، وہ ضیاالحق اور حمید گل کی وجہ سے یہاں پر مسلط ہوئے، تو کبھی فیض کی وجہ سے اس شہر پرمسلط ہوئے، لیکن ہم کہیں اور نہیں دیکھ رہے، ہمیں نہ پٹواریوں کی اور نہ کسی اور کی ضرورت ہے، صرف عوام کا ساتھ چاہتا ہوں۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ہمارےعوامی منشور میں 10 نکات ہیں، اور میرا وعدہ ہے 10 نکات پورا کر کے غربت، بیروزگاری، مہنگائی کا مقابلہ کریں گے، ہم عوام کی تنخواہیں اور آمدنی کو ڈبل کریں گے، 300 یونٹ تک مفت بجلی فراہم کریں گے اور مفت تعلیم دیں گے، سندھ کے شہروں کی طرح ملک بھر میں مفت صحت کاعلاج دیں گے، بی آئی ایس پی پروگرام میں اضافہ کریں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں اس ملک کی قسمت بدلنی ہے، جس کے لئے نئی سیاسیت کریں گے،غریب پسماندہ طبقے کی خدمت کریں گے، 90 کی تقسیم اور نفرت کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کر دیں گے۔

