کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ یہ بات نہایت خوش آئند ہے کہ گذشتہ سال کے اختتام تک پاکستان کی برآمدات اور درآمدات بہت حوصلہ افزا رہیں گزشتہ برس پاکستان کی برآمدات میں 22 فیصد سے زائد اضافہ اور درآمدات میں 12 فیصد سے زائد کمی واقع ہوئی جوکہ پاکستانی معیشت کے لئے نہایت خوش کن بات ہے اختتام دسمبر 2023 تک پاکستان کی برآمدات میں 511 ملین ڈالرز کا اضافہ ہوا۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے برآمدات اور درآمدات کے حوالے سے جو اہداف طے کئے ہیں انہیں سخت محنت دیانت داری اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے برقرار رکھنے کی ضرورت ہے معیشت کسی بھی ملک کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے برآمدات اور درآمدات میں عدم توازن ملکی معیشت کو مشکلات سے دوچار کر دیتا ہے ملکی معیشت کو مستقل بنیادوں پر مستحکم کرنے کیلئے ہمیں مسلسل اپنی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کرنا اور درآمدات میں واضح کمی کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ایسے کٹھن معاشی حالات کے باوجود پاکستان کی معیشت میں متاثر کن رجحان دیکھنے میں آیا ہے تو یہ مثبت اعشاریہ نہایت حوصلہ افزا اور اطمنان بخش ہے پاکستان کا تجارتی خسارہ 34 فیصد سکڑ کر 11 ارب 14 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز رہ گیا ہے جو گذشتہ برس کی اسی مدت میں 16 ارب 96 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز سے کم ہے 5 ارب 81 کروڑ 76 لاکھ ڈالرز کی خسارے میں کمی ہوئی ہے اسی مدت کے دوران درآمدات میں سال 2022 کے مقابلے میں 16.28 فیصد کی نمایاں کمی واقع ہوئی جوکہ 31 ارب 20 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز سے کم ہو کر 26 ارب 12 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز رہ گئیں۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ پاکستان کو خود انحصاری کی روش اختیار کرنا ہوگی پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے چین اور روس نے معدنیات کے شعبے میں نمایاں دلچسپی کا مظاہرہ کیا ہے اس کے علاوہ توانائی کے شعبے میں بہت زیادہ بہتری لا تے ہوئے صنعتوں کو سستی وافر بجلی اورگیس کی فراہمی یقینی بنانے کی ضرورت ہے تاکہ پیداواری لاگت کم آئے اور پاکستانی مصنوعات عالمی منڈیوں میں دباؤ کا سامنا نہ کریں اور پاکستانی مصنوعات کی بیرون ملک مانگ میں اضافہ ہو اس طرح پاکستان کی برآمدات ملکی معیشت پر بوجھ کو کم کرنے میں ممد ومعاون ثابت ہونگی.
پاکستان کا تجارتی خسارہ 34 فیصد سکڑ کر 11 ارب 14 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز رہ گیا ہے، سینیٹر محمد عبدالقادر

ٹیگز:
محمد عبدالقادر
