کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں انتخابی مہم کے دوران مسلم لیگ(ن) کا عوام گرم جوشی سے استقبال کر رہے ہیں، 2018سے قبل ملک درست سمت میں گامزن تھا لیکن میاں نواز شریف کو نااہل کرنے کے بعد ملک مہنگائی، بے روزگاری، بد امنی کا شکار ہوا، 8فروری کو عوام گھروں سے نکلیں گے اور شیر پر مہر لگا کر مہنگائی، بد امنی،بے روزگاری کے خاتمے کی بنیاد رکھیں گے۔ یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر کوئٹہ کے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار شیخ زرک خان مندوخیل، سحر گل خلجی، نسیم الرحمن ملا خیل، نور اللہ لہڑی، فاطمہ خان، صوبائی سیکرٹری اطلاعات چوہدری شبیر سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کے کارکن اور قیادت انتہائی سخت حالات میں بھی چٹان کی طرح کھڑے رہے ہیں اور عوام کے بیچ تھے ہم نے عوام کو اس وقت بھی باور کروایا تھا کہ ہم عوام کے حق کے لئے سختیاں جھیل رہے ہیں اور ہر مشکل سے گزرنے کے لئے تیار ہیں آج بلوچستان اور ملک کے عوام اسی استقامت کے بدلے ہمارے ساتھ ہیں اور یہ تسلیم کرتے ہیں کہ ملک کی حقیقی نمائندہ جماعت مسلم لیگ(ن) ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) عوام کی طاقت سے بلوچستان کی سب سے بڑی پارلیمانی قوت بن کر ابھرنے جارہے ہیں 8فروری کو عوام مہنگائی، بد امنی،بے روزگاری کے خلاف ووٹ دیں گے مسلم لیگ(ن) منتخب ہوکر پاکستان کی کمزور معیشت کو مضبوط، مہنگائی کے خاتمے کی بنیاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ 2018سے قبل ملک درست سمت میں تھا خارجہ پالیسی کامیاب، معیشت مضبوط، جی ڈی پی ریکارڈ سطح پر تھا لیکن میاں نواز شریف کو نا اہل قرار دیکر ملک کو مسائل کے دلدل میں دھکیل دیا گیا آج میاں نواز شریف ایک بار پھر ملک کومسائل کی دلدل سے نکالنے کے لئے واپس آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے ژوب سے گوادر تک امیدوار کھڑے کئے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ ہم بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے اور بلوچستان کے تمام مسائل کے حل کے لئے اقدامات کریں گے۔
8 فروری کو عوام شیر پر مہر لگا کر مہنگائی، بد امنی، بے روزگاری کے خاتمے کی بنیاد رکھیں گے، جمال شاہ کاکڑ

ٹیگز:
جمال شاہ کاکڑ
