کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے بلوچستان میں مضبوط اور عوامی قوت رکھنے والے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے ہیں، صوبے میں ٹکٹوں پر کسی بھی قسم کا اعتراض نہیں آیا جس سے واضح ہے کہ ٹکٹوں کی تقسیم میرٹ پر گئی ہے، 8 فروری مسلم لیگ(ن) کی فتح اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے سفر کا آغاز کا دن ثابت ہوگا۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ کے علاقے زرغون پر حلقہ پی بی 42سے امیدوار زرک خان مندوخیل کے انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر مسلم لیگ(ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری جمال شاہ کاکڑ، سابق سینیٹر سعید الحسن مندوخیل، میر دوستین ڈومکی، میر علی حیدر محمد حسنی، نواب سلیمان خلجی، نسیم الرحمن ملا خیل، سحر گل خلجی سمیت پارٹی کے عہدیدار اور ٹکٹ ہولڈرز بھی موجود تھے۔ تقریب میں پارٹی کے ٹکٹ ہولڈز میں ٹکٹیں بھی تقسیم کی گئیں۔ شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان مسلم لیگ(ن) کا پہلے بھی گڑھ رہا ہے اور آئندہ بھی یہاں مسلم لیگ(ن) ہی عوامی طاقت سے حکومت بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے مسائل پر گزشتہ پانچ سال میں توجہ نہیں دی گئی جس سے عوام کا احساس محرومی بڑھا ہے اور صوبے میں ترقیاتی امور متاثر ہوئے ہیں بلوچستان اور پاکستان کی ترقی میاں نواز شریف اور مسلم لیگ(ن) کی قیادت کا وژن ہے 8فروری کو عوام گھروں سے نکلیں گے اور بلوچستان و پاکستان کی ترقی کے لئے شیر کے نشان کو وٹ دیں گے۔شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ پارٹی کا ہر کارکن، عہدیدار گھروں سے نکلے اور پارٹی کا پیغام گھرگھر پہنچائے ہماری قیادت نے ہمیں جو مشن سونپا ہے ہم اس میں سرخرو ہونگے اور پارٹی کو بلوچستان سے اکثریت دلوائیں گے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جمال شاہ کاکڑ، زرک خان مندوخیل و دیگر نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے جس نے ہر دور میں عوام کی بلاامتیاز خدمت اور ملک کو مضبوط بنایا ہے آنے والا دور مسلم لیگ(ن) کا ہے اور میاں نواز شریف کی قیادت میں ہم ترقی کا سفر ایک بار پھر وہیں سے شروع کریں گے جہاں سے رکا تھا۔
مسلم لیگ(ن) بلوچستان میں مضبوط اور عوامی قوت رکھنے والے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے ہیں، جعفر خان مندوخیل

ٹیگز:
جعفر خان مندوخیل
