خضدار (ڈیلی گرین گوادر) خضدار میں المناک ٹریفک حادثہ ایرانی تیل سے بھری دو گاڑیاں ٹکرانے سے چار افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح خضدار کو سندھ سے ملانے والی ایم 8 شاہراہ پر کرخ سن چکو میں دو تیل بردار ایرانی ساخت زامیاد گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں، جس کے باعث دونوں گاڑیوں میں آگ لگنے کے نتیجے میں گاڑیوں میں سوار چار افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔قریبی علاقے میں کوئی ریسکیو ٹیم یا فائر بریگیڈ کی گاڑی نہیں ہونے کے باعث آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا جس کی وجہ سے دونوں گاڑیاں مکمل طور پر جل کر خاکستر گئیں۔ حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں سے تین کی شناخت سیف اللہ، عبدالمالک اور عبدالسلام کے نام سے ہوئی جو خضدار اور پنجگور کے رہائشی ہیں۔ یاد رہے کہ خضدار سے روزانہ سینکڑوں تیل بردار زامیاد گاڑیاں گزر جاتی ہیں جن میں سیفٹی نہیں ہوتی ہے اور اکثر وبیشتر حادثات پیش آتے رہتے ہیں حالیہ دنوں میں وڈھ میونسپل کمیٹی کے چئرمین کی گاڑی بھی زامیاد گاڑی سے ٹکرانے کے باعث حادثے کا شکار ہوگئی چیئرمین وڈھ اپنے بھائی دو بچوں سمیت جاں بحق ہوچکے ہیں اسی طرح ماضی میں کمشنر مکران ڈویژن بھی زامیاد گاڑی سے ٹکرانے کے باعث موت کے آغوش میں چلے گئے تھے ایسے درجنوں واقعات زامیاد گاڑیوں سے ٹکرانے کے باعث پیش آئے ہیں۔
خضدار میں المناک ٹریفک حادثہ،ایرانی تیل سے بھری دو گاڑیاں ٹکرانے سے4 افراد جھلس کر جاں بحق

ٹیگز:
خضدار
