کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کے حوالے سے گزشتہ چند ماہ میں متنوع اطلاعات زیر گردش رہی ہیں جسکی بنیادی وجہ ملک کی اقتصادی صورتحال اور اندرونی سیاسی کشمکش اور عدم استحکام رہی. جیسے ہی ملک میں موجود غیر یقینی کی کیفیت یقینی میں بدلنی شروع ہوئی بین الاقوامی سطح پر پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات روشن ہونے لگے۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان لیگل فریم ورک طے ہو گیا ہے. پچھلے کئی ہفتوں تک لیگل فریم ورک کی تیاری پر کام جاری تھا اس فریم ورک کے حوالے سے عنقریب دستخط ہو جائیں گے. سرمایہ کاری کے حوالے سے تمام موشگافیاں ختم کر لی گئی ہیں. دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے فریم ورک کی تیاری میں بڑی مہارت اور عرق ریزی سے کام لیا ہے. عموماً غیر ملکی سرمایہ کار اپنی سرمایہ کاری کے لئے عالمی معیار کے تحفظ سے جڑی شقیں معاہدے میں شامل کرانا چاہتے ہیں انہوں نے کہا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کاری پاکستان کے اندرونی سیاسی اور عدالتی معاملات کی وجہ سے بری طرح سے متاثر ہوئی ہے. اس حوالے سے بھی غیر ملکی سرمایہ کاروں کو واضح ریلیف دینے اور یقین دہانیاں کروائی گئی ہیں. اس سلسلے میں ہمارے سیکیورٹی اداروں نے نہایت اہم اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے سپہ سالار افواج پاکستان جنرل عاصم منیر نے ملکی ترقی و خوشحالی کے حوالے سے متعدد مثبت اقدامات اٹھائے جسکی وجہ سے روپے کی قدر میں اضافہ ہو ا اور اسمگلنگ پر قابو پانا ممکن ہوا۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے مزید کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب سے 25 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی توقع کر رہا ہے اسکے علاوہ قطریو اے ای اور کویت سے بھی بھاری سرمایہ کاری کے آثار نظر آنے لگے ہیں. اس حوالے سے ایس آئی سی ایف کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے سرمایہ کاروں کے لئے ون ونڈو آپریشن کو انتہائی فعال بنایا گیا ہے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے سرمایہ کار وقت ضائع کرنے کو ایک بڑا جرم سمجھتے ہیں لہذا انکی پوری کوشش ہوتی ہے کہ انہیں بلا جواز پروسیجرل دقتوں کا سامنا کرنا نہ پڑے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تحفظ فراہم کرنے لئے فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کا حکم دیا ہے. ملک میں امن و امان کی عمومی صورتحال کو بیف اپ کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تمام قانونی موشگافیاں ختم کر لی گئی ہیں، محمد عبدالقادر

ٹیگز:
محمد عبدالقادر
