پشاور (ڈیلی گرین گوادر)پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب کو 15 جنوری 2024 تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
عمر ایوب کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ میں راہداری ضمانت کی درخواست دائر کی گئی تھی جس پر جسٹس کامران حیات نے سماعت کی اور ابتدائی دلائل سننے کے بعد ضمانت منظور کرلی۔عدالت نے عمر ایوب کو 15 جنوری تک راہداری کی ضمانت دی اور انہیں گرفتار نہ کرنے کا حکم بھی دیا۔ عدالت نے درخواست گزار کو متعلقہ عدالت میں پیش ہونے کا بھی حکم دیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ عمر ایوب کے خلاف پنجاب، خیبرپختونخوا میں 21 مقدمات درج کئے گئے ہیں، درخواست گزار متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونا چاہتے ہیں، لہذا راہداری ضمانت منظور کی جائے۔یاد رہے 9 مئی کے واقعات کے بعد سے عمر ایوب روپوش ہیں تاہم وہ اپنے والد کے جنازے پر ضرور نظر آئے تھے۔اس کے بعد وہ پھرسے منظرعام پر نہیں آئے۔

