لاہور(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما عون چوہدری نے سابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
آج سائفر کیس کی سماعت کے موقع پر خاور مانیکا کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے بشریٰ بی بی کی شکل دیکھی ہی تب تھی جس دن نکاح کیا تھا، بچوں کو اپنی والدہ کے خلاف بیان دینے کا کہا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے عون چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان بشریٰ بی بی کو ایک بار نہیں کئی بار نکاح سے پہلے ملے اور گھنٹوں ملاقات کرتے رہے۔انہوں نے کہا کہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی سیاست جھوٹ پرمبنی ہے، اللہ کاشکر ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو وقت پر ہی چھوڑ دیا۔
ان کا کہنا تھاکہ بیرسٹر گوہرعلی کی بطورچیئرمین پی ٹی آئی نامزدگی بھی ان کے اندر کے خوف کی عکاس ہے، وہ پارٹی کے کسی اہل شخص کوپارٹی میں مقام دینا ہی نہیں چاہتے۔عون چوہدری کا کہنا تھاکہ ملک میں شرپھیلانے اور اداروں سے تصادم کرنے والے کے خلاف آواز بلند کرنا ملک سے وفا کے مترادف ہے۔

