کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) کوئٹہ سمیت بلو چستان کے تین اضلاع میں پو لیو مہم شروع کر دی گئی جبکہ صوبے بھر میں مہم کا آغا ز 27نومبر سے ہوگا مہم کے دوران 25لاکھ96ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلائے جائیں گے۔جمعہ کو پو لیو مہم کا افتتاح کر نے کے موقع پر سیکر ٹری صحت بلو چستان عبد اللہ خان نے کہا کہ کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ میں پولیو مہم شروع ہو گئی ہے جبکہ بلوچستان بھر میں سات روزہ انسداد پولیو مہم27نومبر بروز پیر سے شروع ہو گی مہم کے دوران 25لاکھ96ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے پولیو مہم میں 11 ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لیں گی۔انہوں نے کہاکہ ہمسایہ ملک افغانستان سے بہت زیادہ نقل و حرکت کی وجہ سے تقریبا ڈھائی سال بعد پشین، کوئٹہ،چمن،پشین، حب اور ڈیرہ بگٹی کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے،پولیو کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں پولیو مہم انتہائی اہم ہے تاکہ وائرس کے پھیلاو کو روکا جا سکے اور بچوں کو اس سے محفوظ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہاکہ پولیو مہم میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کو سیکورٹی فراہم کی جائے گی ہم نے عزم کر رکھا ہے کہ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک صوبے سے پولیو کا خاتمہ نہیں ہو جاتاوالدین سے گزارش ہے کہ پولیو ویکسین کے ساتھ ساتھ بچوں کو حفاظتی ٹیکہ جات کا کورس بھی ضرور مکمل کروائیں تاکہ وہ پولیو سمیت خسرہ، نمونیہ اور دیگر خطرناک بیماریوں سے بچ سکیں۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے تین اضلاع میں پولیو مہم شروع

ٹیگز:
پولیو مہم
