لورالائی(ڈیلی گرین گوادر)ڈپٹی کمشنر لورالائی سجاد اسلم بلوچ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا ماہانہ اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں ڈسٹرکٹ ڈپٹی ایجوکیشن افیسر جمال الدین اوتمانخیل،ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن(فی میل) فوزیہ درانی، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کوارڈینیٹر آر ٹی ایس ایم ڈسٹرکٹ منیجر ای،ایس،پی (یونیسف)ضلعی اکاؤنٹس افیسر نے شرکت کی۔اجلاس میں محکمہ تعلیم سے متعلق قابل قدر فیصلے کئے گئے جبکہ اجلاس میں درس و تدریس کے عمل کو مزید فعال بنانے اور بند تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی تعیناتی کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سجاد اسلم بلوچ نے کہا کہ عرصہ دراز سے بند اسکولوں کو کھولنے کے لئے محکمہ تعلیم کے آفیسران اپنا مثبت کردار ادا کریں تاکہ ان تعلیمی اداروں میں زیادہ سے زیادہ بچوں کو علم کے زیور سے آراستہ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ یونیسیف سے منسلک تعلیمی نمائندگان بھی تدریسی عمل میں بہتری لانے کے لئے محکمہ تعلیم کے ساتھ اپنے روابط مزید تیز کریں تاکہ اسکولوں سے غیر حاضر اساتذہ کے خلاف سخت ایکشن لیا جاسکے جبکہ مستقل بنیادوں پر غیر حاضر اساتذہ کے خلاف گرینڈ کاروائی کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ تعلیم کے شعبہ میں بہتر اقدامات کے لئے ہر ممکن دستیاب وسائل برو کار لائے جائیں محکمہ تعلیم کے آفیسران بند اسکولوں اور اسکولوں کی عمارتوں پر قبضے کے خلاف محکمہ ضلعی انتظامیہ کو نشاندہی کروائے تاکہ قبضہ گیر عناصر کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لا کر اسکولوں سے قبضے کو واگزار کروایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تمام اسکولوں میں بیت الخلا اور آبنوشی کی فراہمی کے لئے خصوصی توجہ مبذول کرائی جائے اوراسکولوں کی تعمیر و مرمت کے لئے کام کرنے والی این،جی،اوز کے تمام تعمیراتی کام کے معیار کا بغور مشاہدہ کرتے ہوئے جلد از جلد مکمل کئے جائیں اور غیر معیاری ترقیاتی عمل کے خلاف تمام تفصیلات مرتب کرکے رپورٹ پیش کریں اس کے ساتھ ساتھ ضلع کے مختلف علاقوں میں سرکاری سطح پراسکولوں کی تعمیرات کا کام ادھورا چھوڑ دیا گیا ہے اس بابت بھی اقدامات کئے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر سجاد اسلم بلوچ نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ غیر حاضر اساتذہ اور ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کی تنخواہوں سے کٹوتی کی جائے اور محکمہ تعلیم ان کی تفصیلات بھی جمع کر کے تحریری طور پر ہمیں آگاہی فراہم کریں تاکہ اس ضمن میں مزید موثر اقدامات کرتے ہوئے شرع خواندگی میں اضافہ کیا جا سکے۔
بند اسکولوں کو کھولنے کے لئے محکمہ تعلیم کے آفیسران اپنا مثبت کردار ادا کریں، ڈپٹی کمشنر سجاد اسلم بلوچ

