کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نگران صوبائی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پرنس احمد علی احمد زئی نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے دنیا میں جدید انقلاب برپا کیا ہے،نوجوان جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہنر حاصل کریں تو وہ اپنے لئے دنیا بھر سے روزگار کے مواقع حاصل کرسکتے ہیں، سرکاری لیپ ٹاپ اسکیم کے تحت دئیے جانے والے لیپ ٹاپس کی بناوٹ کو طلباء کی علمی اور فنی ضروریات کے مطابق کرنے کی تجویز دی ہے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو بیوٹمز کے طلباء و طالبات کو کمپوٹر جنریٹڈ امیجری کے عنوان سے منعقدہ لیکچر دیتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وائس چانسلر بیوٹمز پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ، پرووائس چانسلر ڈاکٹر عبدالرحمن سمیت دیگر بھی موجودتھے۔ پرنس احمد علی احمدزئی نے کہا کہ کمپوٹر اور سافٹ ویئر کے ذریعے بنائی جانے والی تصاویر اور ویڈیوز نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں انقلاب برپا کردیا ہے اس ہنر کو سیکھ کر نوجوان اپنے لئے پوری دنیا سے روزگار حاصل کرسکتے ہیں جبکہ دنیا کے بیشتر ممالک میں پاکستانی آرٹسٹ اور سافٹ ویئر انجینئرز کو ترجیح دی جارہی ہے یہ ایک بہترین موقع ہے جس سے بلوچستان اور بیوٹمز کے طلباء اور طالبات بھی مستفید ہورسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فری لاسنگ مارکیٹ میں کام کر کے بھی نوجوان اپنے لئے باعزت اور بہترین روزگار حاصل کر سکتے ہیں۔ پرنس احمد علی احمد زئی نے طلباء کو جدید تقاضوں کے تحت سی جی آئی میں تصاویر، ویڈیوز بنانے اور اس عمل میں استعمال ہونے والے سافٹ وئیرز پرتربیت دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر بیوٹمز پروفیسر ڈاکٹر خالد حفیظ نے کہا کہ نوجوان قلم اور کتاب سے اپنا رشتہ قائم کر کے بہتر مستقبل کے ضامن بن سکتے ہیں دور جدید میں ٹیکنالوجی سے شناسائی اور ہنر حاصل کر کے ہی چیلنجز سے نبرد آزما ہوا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بیوٹمز میں طلباء و طالبات کے لئے ایسے مزید لیکچرز کا اہتمام جاری رکھا جائے گا جس سے نوجوان مستفید ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ پرنس احمد علی احمد زئی کی قابلیت سے استفادہ حاصل کرنے کے لئے انکی خدمات مستقبل میں بھی حاصل کی جائیں گی۔
نوجوان جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہنر حاصل کریں، نگران صوبائی وزیرپرنس احمد علی احمد زئی

ٹیگز:
پرنس احمد علی احمد زئی
