کوئٹہ(ڈیلی گرین گو ادر) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ میڈیا مینجمنٹ باقاعدہ ایک سائنس ہے جسکا مقصد معاشرے کو سچائی سے آگاہی دینا، عوامی مشکلات کو حکمرانوں کے سامنے لانا اور معاشرتی استحکام پیدا کرنا ہے. بلا شبہ اظہار رائے کی آزادی آج کے ترقی یافتہ دور کا ایک اہم عطیہ ہے تاہم انتشار اور بدنظمی سے بچنے کیلئے اس کا دیانتدارانہ اور ذمہ دارانہ استعمال اشد ضروری ہے. انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے لیکن اس کی آڑ میں سرکردہ اشخاص اور گروہوں کی تضحیک اور بےبنیاد الزام تراشی کا نہ کوئی جواز ہے اور نہ ہی کسی صحتمند معاشرے میں اسے قبول کیا جا سکتا ہے. انہوں نے کہا کہ جھوٹی اور غیرمصدقہ خبریں پھیلانا کسی بھی فرد اور ادارے کو بےتوقیر کر دیتی ہیں اور جمہوری معاشرہ ایسی افواہوں پر اعتماد کرنے کو تیار نہیں ہے. انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام سنجیدہ اور فہمیدہ افراد کا یہ فریضہ بنتا ہے کہ وہ سنی سنائی باتوں پر یقین نہ کریں، غیر تصدیق شدہ خبروں کو آگے نہ پھیلائیں، کالی بھیڑوں کو اپنی صفوں سے باہر نکالیں اور ہر قسم کی سنسنی خیزی سے اجتناب کریں کیونکہ ایسی من گھڑت خبروں کے معاشرے پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں. میڈیا اور خاص طور پر سوشل میڈیا پر بعض عناصر اہم شخصیات پر بےبنیاد الزام تراشی، کیچڑ اچھالنے، کردار کشی اور بلیک میلنگ میں ملوث ہوتے ہیں. متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ ایسے افراد پر کھڑی نظر رکھیں اور ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں تاکہ اس منفی رحجان کی روک تھام ممکن ہو سکے.
میڈیا مینجمنٹ باقاعدہ ایک سائنس ہے جسکا مقصد معاشرے کو سچائی سے آگاہی دیناہے،گورنر بلوچستان

ٹیگز:
گورنر بلوچستان
