کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پیٹرولیم و رسورسز اور سیاسی و اقتصادی امور کے ماہر سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ سردیوں کے شروع ہوتے ہی ملک بھر میں عمومی طور پر اور پہاڑی علاقوں میں خصوصی طور پر گیس کی فراہمی سنگین صورتحال اختیار کر رہی ہے سردی کے شروع ہوتے ہی گیس کو اس قدر مہنگا نہیں کیا جانا چاہئے کہ وہ صارفین کے لئے ایک ڈرونا خواب بن کر رہ جائے بلوچستان کی عوام سردیوں کے آغاز میں ہی گیس کی عدم دستیابی کا شکار ہونے لگی ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سینیٹر عبدالقادر نے کہا کہ گیس کے نرخ یکساں ہونے چاہئیں جیسے جیسے گیس استعمال ہوتی ہے ویسے ویسے اسکے ٹیرف میں اضافہ ہوتا جاتا ہے ٹیرف کے حوالے سے یہ فارمولہ انتہائی نامناسب اور غیر منطقی ہے اکتوبر کے مہینے میں ہی گیس کے نرخوں میں 200 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا ہے حکومت کا یہ اقدام عوام دشمن ہے حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے اسکی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافہ رکنے میں ہی نہیں آ رہا حکومت اپنے اللے تللوں پر رتی برابر کٹ نہیں لگاتی لیکن عوام کو سانس لینے سے بھی محروم کر دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کئی برس سے ملک توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے حکومتوں کی بے حسی اور بے بصیرتی کے باعث عوام مختلف مشکلات کا شکار رہتی ہے حکومتیں عوام کو ریلیف دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہونے کی بجائے عارضی اور ڈنگ ٹپاو پالیسی اپناتے ہوئے اپنا وقت پورا کرتی ہیں سردیوں میں گیس کا استعمال بڑھ جاتا ہے اس لئے گیس کا بندوبست سردی کے شروع ہونے سے پہلے ہی کیا جانا چاہیے لیکن حکمران ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر بیٹھے رہتے ہیں اور جب سر پر پڑتی ہے تو ان کے پاس عوام کو ریلیف دینے کیلئے انتظامات نہیں ہوتے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام صوبائی اور وفاقی حکومتوں کی جانب دیکھتے ہیں کہ کب انہیں حکومتوں کی توجہ ملے گی اورانکے بنیادی مسائل حل ہوں گے گیس کی کمی اور مہنگے داموں دستیابی کا مستقل حل ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے پر عمل درآمد ہے اس پراجیکٹ کی تکمیل سے سب سے پہلے بلوچستان کی عوام کو گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے یہ بات انتہائی غیر منطقی ہوگی کہ گیس پائپ لائن بلوچستان سے گزرے لیکن بلوچستان کی عوام کو یہ گیس میسر ہی نہ ہو۔
سردیوں کے آغاز پر ہی گیس ٹیرف میں 200 فیصد اضافہ غریب عوام کے ساتھ ظلم ہے، سینیٹر محمد عبدالقادر

ٹیگز:
سینیٹر محمد عبدالقادر
