کرنسی اسمگلرز کیخلاف کریک ڈاؤن، چھاپے کے دوران ملزمان کی ایف آئی اے ٹیم پر فائرنگ

اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر) کرنسی اسمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران ایف آئی اے کے اہلکاروں پر چھاپے کے دوران ملزمان کی جانب سے سیدھی فائرنگ کی گئی ہے جس میں خوش قسمتی سے اہلکار محفوظ رہے ایف آئی اے کا غیر قانونی کرنسی ایکسچینج ، ہنڈی حوالہ کا دھندہ اور ڈالرز کی ذخیرہ اندوزی کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔

ایف آئی اے نے راجہ بازار راولپنڈی میں پراچہ ٹریڈرز پر چھاپہ مار کر 4 ملزمان کو گرفتار کرکے ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کرلی جبکہ اسلام آباد کے سیکڑ ایف 6 میں ایک گھر میں کرنسی ذخیرہ کی جانے کی اطلاع پر چھاپے کے لیے جانے والی ایف آئی اے ٹیم کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور ملزمان نے گھر میں سے فائرنگ بھی کی جس میں خوش قسمتی سے اہلکار محفوظ رہے ملک بھر میں ڈالر کی مصنوعی قلت، قیمت میں اضافے اور روپے کی قدر میں گراوٹ پر قابو پانے کے لیے ایف آئی اے ملک بھر میں کرنسی کے غیر قانونی کاروبار، ہنڈی حوالہ اور ڈالر ذخیرہ کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری رکھے ہوئے ہے۔

ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر مہک گل کی سربراہی میں ٹیم نے راولپنڈی میں واقع راجہ بازار میں پراچہ ٹریڈر جو مرکزی انجمن تاجران کے مرکزی صدر کے بھائی کی شاپ بتائی جاتی ہے پر چھاپہ مارا اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث 4 ملزمان عبدالرحمان پراچہ، بلال کلیم، توصیف احمد، اور محمد نوید کو گرفتار کرکے 30 لاکھ روپے مالیت کی ملکی وغیر ملکی کرنسی برآمد کر لی۔

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ سے ایک گولی اسلام آباد پولیس کےاہلکار کی جیکٹ پر لگی جو محفوظ رہا ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے گھر کی عقبی راستے سے فرار ہوگئے۔ ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہناتھاکہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے