ہمارا کام انتخابات کے لئے پرامن ماحول فراہم کرنا ہے، نگران وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں محکمہ داخلہ و قبائلی امور کے محکمانہ امور کا جائزہ لیاگیا نگران وزیراعلیٰ کو محکمہ داخلہ بلوچستان کے دائرہ کار، تفویض اختیارات، دیگر اداروں سے کوارڈینیشن،محکمہ ماتحت اداروں، محکمہ پولیس اور محکمہ پولیس کے زیر انتظام سپیشل یونٹس، لیویز اور سول ڈیفنس سمیت محکمہ داخلہ کے زیر انتظام کل افرادی قوت، استعداد کار اورکئے جانے والے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی اجلاس میں نگران صوبائی وزیر داخلہ کیپٹن ریٹائرڈ زبیر جمالی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ صالح محمد ناصر، آئی جی پولیس بلوچستان عبدالخالق شیخ، ڈائریکٹر جنرل لیویز نصیب اللہ کاکڑ، آئی جی خانہ جات شجاع الدین کاسی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ نگران صوبائی حکومت کا کام صاف و شفاف انتخابات کے لئے پر امن ماحول فراہم کرنا ہے جس کے لیے ضروری ہے کہ محکمہ داخلہ بہتر انداز سے اپنے امور کی انجام دہی یقینی بنائے اور ایسے عملی اقدامات کئے جائیں جو امن و امان اور شفاف ماحول میں انتخابات کے انعقادکی بنیاد فراہم کریں انہوں نے کہا کہ ہمارا کام انتخابات کے لئے پرامن ماحول فراہم کرنا ہے جس کے لیے ضروری ہے کہ میسر افرادی قوت کو بہترین اور منظم انداز میں استعمال میں لایا جائے تاکہ پرامن انتخابات کا انعقاد یقینی ہو سکے۔