بی اے پی ایوان بالا میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر الیکشن لڑے گی، جام کمال خان
کوئٹہ :بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر ووزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی اور اکستان تحریک انصاف نہ صرف بلوچستان بلکہ وفاق میں بھی اتحادی جماعتیں ہیں اس کولیشن کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و وزیراعظم عمران خان موجودہ پاکستان تحریک انصاف کے بلوچستان میں سینیٹ سیٹ کے حوالے سے ایک مشترکہ پارلیمانی بورڈ قائم کریں جو سینیٹ ٹکٹ کے حوالے سے تجاویز پیش کرے تاکہ بلوچستان عوامی پارٹی اور تحریک انصاف کے سینیٹ الیکشن کے دوران ووٹ ضائع نہ ہوں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس خدشے کا اظہار پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند کے حالیہ بیان کے تناظر میں کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بی اے پی ایوان بالا میں اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر الیکشن لڑے گی۔ وزیراعلیٰ نے اس امر پر زور دیا کہ بلوچستان عوامی پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کامشترکہ پارلیمانی بورڈ بنایا جائے جو سینیٹ الیکشن سے متعلق معاملات کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کیلئے قابل عمل تجاویز پیش کرے تاکہ اس حوالے سے مشترکہ حکمت عملی طے کی جائے۔