کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا ہے کہ ملک کو اقتدار اور مراعات کی جنگ نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے موجودہ صورتحال میں عام انتخابات کا انعقاد ملکی مفاد میں نہیں۔ حکومت،پاک افواج، اداروں اور عدلیہ سے اپیل کرتا ہوں کہ ملکی حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے 2025ء تک قومی حکومت تشکیل دی جائے جب ملکی حالات بہتر ہوں تو ملک میں عام انتخابات کرائے جائیں۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں مختلف وفود سے ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ ملک میں اقتدار اور مراعات کی جنگ جاری ہے۔ 23کروڑ عوام بھی اس جنگ سے تنگ آگئے ہیں۔ عام انتخابات کے انعقاد کیلئے سیاسی جماعتوں کے درمیان رسہ کشی نے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ میری ملک کے نامور سیاستدانوں، سیاسی جماعتوں، حکومت وقت، پاک افواج اور اداروں سے گزارش ہے کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پیج پر لانے کیلئے سرجوڑ لیں اور اس مفاد پرستانہ جنگ کو بند کرانے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ 23کروڑ عوام بھی عام انتخابات کے حق میں نہیں کیونکہ انتخابات کیلئے صرف ایک صوبے میں 22ارب روپے کی ضرورت ہے۔ جبکہ عوام ہوشربا مہنگائی، کرپشن اور دہشت گردی کی زد میں ہیں اور ایک روٹی کے لئے دربدر ہوگئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک افواج ادارے اور حکومت سے یہ بھی اپیل کرتا ہوں کہ ملک میں بگڑتی صورتحال کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر ایک قومی حکومت تشکیل دی جائے جس کی مدت 2025تک ہو، 2025کے بعد جب ملکی حالات بہتر ہوں تو ملک میں عام انتخابات کرائے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی کی وجہ سے ملک میں بدامنی اور کرپشن ہے حکومت پہلے مہنگائی کو کنٹرول کرے، مہنگائی کی وجہ سے لوگ اپنے بچوں کو تعلیم جیسے زیور سے آراستہ نہیں کرپارہے سکول اور کالجز سے اپنے بچوں کو نکال کر روٹی کی تلاش کیلئے بھیج رہے ہیں۔ اسی طرح پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمت بھی عوام کی دسترس سے باہر ہوگئی ہے جس کی وجہ سے کرپشن اور دہشت گردی میں اضافہ ہورہا ہے لیکن ہمارے سیاستدان اور سیاسی جماعتیں اقتدار اور مراعات کی جنگ لڑنے میں مصروف ہیں جبکہ عوام اس صورتحال سے تنگ اور مایوس ہوگئے ہیں، ان کی نظریں پاک افواج اور اداروں پر مرکوز ہیں کہ ملک کو یہی ادارے بچا سکتے ہیں اگر آج پاک افواج اور اداروں نے اس ملک کو کندھا نہیں دیا تو پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا جس کا یہ ملک اور عوام متحمل نہیں ہوسکتے۔
ملک کو اقتدار اور مراعات کی جنگ نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے،کریم نوشیروانی

ٹیگز:
کریم نوشیروانی
