کوئٹہ اوراسلام آبادکی عدالتوں سے حسان نیازی کی ضمانتیں منظور

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے ڈیوٹی جج احتشام عالم نے عمران خان کے بھانجے اور فوکل پرسن حسان نیازی کی اسلام آباد کے تھانہ رمنا کے مقدمہ نمبر 206/23 میں ضمانت منظور کرلی۔ حسان نیازی کی ضمانت 30 ہزار کے مچلکوں کے عوض منظور کی گئی۔پی ٹی آئی رہنما حسان نیازی کو جوڈیشل مجسٹریٹ تھری کوئٹہ جمیل احمد کے روبرو پیش کیا گیا۔ عدالت نے ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض حسان نیازی کی ضمانت منظور کرلی۔عدالت نے پولیس کی پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔ حسان نیازی کو ائیر پورٹ تھانہ کوئٹہ میں پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف درج مقدمے میں گزشتہ روز اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔حسان نیازی نے جوڈیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو اپنے بیان میں کہا کہ میرا قصور یہ ہے کہ میں عمران خان کا لیگل ایڈوائزر ہوں۔ عدالت نے ان کی ضمانت منظور کرلی۔یاد رہے گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے حسان خان نیازی کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر کوئٹہ پولیس کے حوالے کیا تھا۔کوئٹہ پولیس نے حسان خان نیازی کو کوئٹہ کے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کرنے کے لیے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی تھی جسے منظور کرتے ہوئے عدالت نے ریمارکس دیئے کہ حسان نیازی کے ایک روزہ راہداری ریمانڈ کو منظور کیا جاتا ہے۔عدالت نے حکم دیا تھا کہ حسان خان نیازی کو تفتیشی افسر متعلقہ عدالت میں 25 مارچ کو پیش کرے۔ بعد ازاں کوئٹہ پولیس اسلام آباد کچہری سے حسان خان نیازی کو لے کر کوئٹہ روانہ ہو گئی تھی۔حسان خان نیازی کے راہداری ریمانڈ کے لیے کوئٹہ پولیس کل اسلام آباد کچہری پہنچی تھی۔ 18مارچ کو عمران خان کے بھانجے اور فوکل پرسن کے خلاف کوئٹہ کے تھانہ ایئرپورٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے