کراچی میں فائرنگ سے اہلسنت و الجماعت کے رہنما جاں بحق

کراچی(ڈیلی گرین گوادر) نیوکراچی بلال کالونی میں موٹرسائیکل سوارنامعلوم مسلح ملزمان نے دن دیہاڑے اہلسنت و الجماعت کے رہنما مولانا سلیم کھتری کوفائرنگ کرکے قتل کردیا، پولیس نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ قراردیگر تفتیش شروع کردی، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی، شہرقائد میں گزشتہ 2 روز کے دوران مذہبی جماعت سے تعلق رکھنے والی دوسری شخصیت کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ بلال کالونی تھانے کے علاقے نیوکراچی سیکٹرفائیو ای سندھی ہوٹل کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کرکے ایک شخص کوشدید زخمی کردیا اورفرارہوگئے، زخمی شخص کو انتہائی تشویشناک حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑگئے۔

فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 58 سالہ مولانا سلیم کھتری کے نام سے شناخت کی گئی ،مقتول نیو کراچی سیکٹر فائیو ای گجرپان شاپ کے قریب رہائش پذیر تھے، ان کا تعلق اہلسنت و الجماعت سے تھا۔فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس ،رینجرزاورقانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران و اہلکارموقع پر پہنچ گئے اورشواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو موقع پر طلب کرلیا گیا ،

قائم مقام ایس پی نیو کراچی کنورآصف نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ سہ پہر 2 بج کر55 منٹ پر ایک کالرنے پولیس کو اطلاع دی کہ نیو کراچی سندھی ہوٹل سیکٹر فائیو ای فرحان پکوان سینٹر کے قریب مغل پان شاپ پر ایک شخص موجود تھے جن پر 2 موٹر سائیکلوں پرسوار4 نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے ہیں، انہیں فوری طور پرعباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔

ایس پی کنور آصف بتایا کہ مقتول کے جسم پر پانچ گولیاں لگیں، پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کی گولیوں کے 7 خول ملے ہیں، جبکہ ارد گرد لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے۔ایس ایچ اوبلال کالونی آفتاب عباسی نے بتایاکہ مقتول مولانا سلیم کھتری پان کی دکان کے اندر بیٹھے ہوئے تھے، اسی دوران 2 موٹرسائیکلوں پر4 ملزمان آئے، جن میں سے 2ملزمان موٹرسائیکل سے اترکر پان شاپ کے کاؤنٹر کے پاس آئے اور وہیں سے انھوں نے مولانا سلیم کھتری پر دو پستولوں سے فائرنگ کردی اورفرارہوگئے ، فائرنگ کے نتیجے میں مولانا سلیم کھتری شدید زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑگئے۔ انھوں نے بتایاکہ فائرنگ کا واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، اس حوالے سے مزید تفیش کی جا رہی ہے۔

فائرنگ کے واقعے میں اہلسنت والجماعت کے رہنما کے جاں بحق ہونے کی اطلاع پراہلسنت والجماعت کے رہنما،عہدیدار اورکارکان بڑی تعداد میں عباسی شہید اسپتال پہنچ گئے۔ ترجمان اہلسنت والجماعت کے مطابق مقتول مولانا سلیم کھتری اہلسنت و الجماعت کے صوبائی قانونی مشیراورکراچی ڈویژن کے رہنما تھے۔مولانا سلیم کھتری پرفائرنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں دیکھاجاسکتا ہے کہ مولانا سلیم کھتری پر بھرے بازارمیں گولیاں برسائیں گئیں، فوٹیج میں 2 ملزمان کو پیدل پان کی دکان پرآتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، ایک ملزم کودکان کے باہرسے فائرنگ کرتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے، فائرنگ کے بعد ملزم بھاگ کرسڑک عبورکرتے ہیں اورفرارہو جاتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے