لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں سے متعلق اسپیکر کا فیصلہ برقرار رکھا، اسپیکر آفس

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان تحریک انصاف کے 35 ارکان اسمبلی کے استعفوں سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو موصول ہو گیا۔اسپیکر آفس کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو موصول فیصلے میں عدالت نے پی ٹی آئی کے 35 ارکان کے استعفوں سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کر کے سماعت مکمل ہونے تک دوبارہ انتخاب کرانے سے منع کیا ہے، عدالتی فیصلے میں استعفے منظور کرنے کے اسپیکر قومی اسمبلی کے فیصلے کو نہیں چھیڑا گیا۔لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر کے 22 جنوری کے نوٹیفکیشن کی کاپی نہیں لگائی گئی، اسپیکر کے فیصلے کے خلاف کوئی عبوری ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔

اسپیکر آفس کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا مؤقف درست ثابت ہوا ہے، تمام معاملات کو آئینی و قانونی لحاظ سے دیکھ کر فیصلہ کیا گیا۔اسپیکر آفس کے مطابق اسپیکر نے استعفوں پر ناصرف غور کیا بلکہ بارہا پی ٹی آئی ارکان کو طلب کیا، بار بار طلبی کے باوجود پی ٹی آئی ارکان نہ آئے اور استعفے منظور کرنے کا مطالبہ کرتے رہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے استعفوں کی منظوری دے دی تو اس کے بعد اعتراض کیا جو غیر آئینی تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے