عراق، سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر بم دھماکے میں 8 اہلکار ہلاک
بغداد(ڈیلی گرین گوادر) عراق میں کرد جنگجوؤں کے اکثریتی شہر کرکوک میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں وفاقی پولیس کے 8 اہلکار ہلاک ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراق کے صفرا گاؤں میں بم دھماکا عین اس وقت ہوا جب وہاں سے ایک سیکیورٹی قافلہ گزر رہا تھا۔ بم دھماکے میں 8 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔بم دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی مزید نفری طلب کرلی گئی۔ جائے وقوعہ کا محاصرہ کرلیا گیا۔ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں دو زخمیوں کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
تاحال کسی شدت پسند گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم یہ شہر داعش کی آمد کے بعد کرد جنگجوؤں کے زیر انتظام آگیا تھا۔ جنھوں نے داعش سے لڑائی کی۔ 2017 میں عراقی سیکیورٹی فورسز نے کرد جنگجوؤں کا قبضہ واگزار کرالیا تھا۔خیال رہے کہ عراقی فوج نے اتحادی افواج کی مدد سے ملک سے داعش کے مکمل خاتمے کا دعویٰ تو کیا ہے تاہم اب بھی داعش جنگجو اپنے ٹھکانوں سے نکل کر سیکیورٹی فورسز پر حملے کرتے رہتے ہیں۔