کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) سینئر صوبائی وزیربلدیات و بی اے پی کے صوبائی صدرسردارمحمدصالح بھوتانی نے کہا ہے کہ نوجوان ملک میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں انکی صلاحیتوں کو بہتر اندازمیں بروئے کار لاکر ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے،صوبائی حکومت نوجوانوں کو تعلیم اور کھیلوں کے مواقعوں کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے،باکسنگ کے کھلاڑیوں کے مسائل حل کریں گے۔ یہ بات انہوں نے بلو چستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما ساجد جسکانی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے باکسنگ کے کھلاڑیوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جس میں پاکستان ریلوے کے باکسر کوچ غلام نبی لانگو،انٹرنیشنل باکسر مالائکہ زائد، نیشنل باکسر شہباز مری، عبدالجبار محمد حسنی، زاہد قیوم شامل تھے اس موقع پر بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سینئر رہنما شاہ زمان غلزئی بھی موجود تھے۔باکسنگ کے وفد نے صوبائی سینئر وزیر بلدیات سردارمحمدصالح بھوتانی کو کھلاڑیوں کو درپیش مسائل اورمشکلات سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر سردارمحمد صالح بھوتانی نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی جب سے بلوچستان میں حکومت قائم ہوئی ہے عوام اور نوجوانوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے کھلاڑی کسی بھی ملک کے سفیر ہوتے ہیں بلوچستان کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اگر انہیں مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک بھی پاکستان اور صوبے کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے کے دور دراز علاقوں میں کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر کیلئے خاطرخواہ فنڈز رکھے ہیں جن سے نوجوانوں کو کھیلوں کے بہتر مواقع میسرآئیں گے کیونکہ جہاں کھیلوں کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کھلاڑیوں کو درپیش مسائل کے حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
حکومت نوجوانوں کوتعلیم اورکھیلوں کے مواقعوں کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کارلارہی ہے، سر دار محمد صالح بھوتانی

ٹیگز:
سر دار محمد صالح بھوتانی
