پاکستان میں باری باری حکومت لینے والے آج ایک ہوگئے ہیں،قاسم خان سوری کا شمو لیتی پروگرام سے خطاب

کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر و سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ پاکستان میں باری باری حکومت لینے والے آج ایک ہوگئے ہیں،رحیم کاکڑ نے جو چھکا لگایا ہے بلوچستان میں پی ڈی ایم کے چھکے چھوٹ گئے ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن)نے جب رحیم کاکڑ کے ہوتے ہوئے بلوچستان کیلئے کچھ نہیں کیا اب کیا کرینگے، آج ایک طرف 12 جماعتوں کا ٹولہ ہے اور ایک طرف تنہاء پی ٹی آئی ہے، پاکستان کو عمران خان کی قیادت میں نوجوان چلائیں گے، امپورٹڈ حکومت میں بیٹھے چوروں کی چوری پھر سامنے لائیں گے، جب بھی انتخابات ہونگے تحریک انصاف بلوچستان میں بھی بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو شمولیتی پروگرام سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن)کے رہنماء سابق مئیر رحیم کاکڑ نے اپنے سیکڑوں ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر نے کا اعلان کر دیا۔ سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری نے کہاکہ آج رحیم کاکڑ نے جو چھکا لگایا ہے بلوچستان میں پی ڈی ایم کے چھکے چھوٹ گئے ہیں رحیم کاکڑ نے اپنی زندگی کے 18 سال مسلم لیگ ن کو دیئے لیکن مسلم لیگ ن نے جب رحیم کاکڑ کے ہوتے ہوئے بلوچستان کیلئے کچھ نہیں کیا اب کیا کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ میں نے قومی اسمبلی میں قوم کے سامنے سازش کا خط لہرایا آج ایک طرف 12 جماعتوں کا ٹولہ ہے اور ایک طرف تنہاء پی ٹی آئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں باری باری حکومت لینے والے آج ایک ہوگئے ہیں عمران خان کے دور میں پٹرول 150 روپے کا مل رہا تھا اس وقت لوگوں نے کہا کہ شہباز شریف تجربہ کار ہے آج کرائم ماسٹر کا تجربہ کہاں ہے انہوں نے حکومت میں آکر اپنی اربوں کی چوریاں معاف کروا لی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں پاکستان مشکل سے وجود میں آیا ہے لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ انسان کا خوف توڑ دیتا ہے یہ ملک لاالہ الااللہ کے نام پر بنا تھا ہم اس ملک کو مذہبی و لسانی تعصب سے پاک کرینگے امن کا گہوارہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے لانگ مارچ کا آغاز کردیا ہے بلوچستان سے بھی لوگ حقیقی لانگ مارچ میں جائیں گے پاکستان انگریزوں سے آزاد ہوا لیکن اب بھی غلام موجود ہیں،آج بھی ہمارے ملک میں انگریزوں کے غلام مسلط ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اقلیت نوجوان اور رحیم کاکڑ کے قبیلے نے شمولیت کی ہے حقیقی مارچ کے بعد کوئی غیر ملکی طاقت پاکستان کے وزیر اعظم کو ہٹانے کا حکم نہیں دے گی ایک آزاد اور مضبوط پاکستان کی بنیاد رکھنے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو عمران خان کی قیادت میں نوجوان چلائیں گے امپورٹڈ حکومت میں بیٹھے چوروں کی چوری پھر سامنے لائیں گے جب بھی انتخابات ہونگے تحریک انصاف بلوچستان میں بھی بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔ اس موقع پر پارٹی میں شمولیت اختیار کر نے والے سابق مئیر رحیم کاکڑ نے کہا کہ آج ملک میں چور اور لٹیروں کا راج ہے مسلم لیگ ن کا ساتھ اس وقت دیا جب جماعت مشکل میں تھی مسلم لیگ ن ورکرز کی قدر کرنیوالی جماعت نہیں مسلم لیگ ن ایک خاندان کی جماعت ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان آج عوام کی حقیقی جنگ لڑ رہا ہے، عمران خان کو ہمیں سپورٹ کرنا ہوگا،آزادی کی حقیقی تحریک میں عمران خان کے سنگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں 18 سال ضائع کر دیئے، 18 سال اس شخص کے پیچھے گزارے جو 3 بار وزیر اعظم رہا۔ انہوں نے کہاکہ جنہوں نے 3 بار وزیر اعظم بننے کے بعد بھی بلوچستان کیلئے کچھ نہیں اب کیا کرینگے انکی چوری اب کیسی ڈھکی چھپی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے سینکڑوں ساتھیوں کے ساتھ لانگ مارچ میں شرکت کرینگے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے