چار سال ہاتھ نہ ملانے والا اب کہتا ہے ہم سے بات کریں،وزیراعظم
اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں طلبا و طالبات کو لیپ ٹاپ دینے کی اسکیم کو رشوت قرار دیا گیا، اگر نوجوانوں کو لیپ ٹاپ نہ دیتے تو کیا بندوق دیتے، نوجوانوں کے ذہنوں میں زہر کھولنے کی کوشش کی جاری ہے جو ناکام ہوگی۔
اسلام آباد میں یوتھ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ معاشرے میں تقسیم پیدا کرنا اور زہر گھولنا افسوسناک ہے.شہباز شریف نے چیئرمین پی ٹی آئی کا نام لیے بغیر کہا کہ ’آپ نے قوم کو تقسیم کردیا جس کا کوئی حد و حساب نہیں ہے، قومیں اس طرح نہیں بنتی، 4 سال ہم سے ہاتھ نہیں ملایا اور اب کہتے ہیں ہم سے آکر بات کریں، یہ دوغلا پن کب تک چلے گا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ کوئی طریقہ نہیں کہ میں ہوں تو سب کچھ ہوں اور میں نے تو کچھ نہیں، اس طرح ملک نہیں بنتے اور نظام نہیں چلتا، آج سب سے بڑا چیلنج نوجوان ہیں جنہیں نفرت نہیں علم کی ضرورت ہے‘۔وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں نوجوانوں کے لیے شاندار پروگرام ترتیب دیے گئے، نواز شریف کی قیادت میں ان کے پروگراموں کی کامیابی سے تکمیل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ پروگرام کا اجرا پاکستانی قوم کی بڑی خدمت ہے، ہنرمند پروگرام کے ذریعے لاکھوں گھرانوں کو روزگار میسر آیا.