کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماوں نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی سیاست کی ہے آج عوام سے جھوٹ،دھوکہ اور فریب کرنے والے شخص کو ضمنی انتخابات میں اپنی دو نشستوں سے ہاتھ دھونا پڑا پی ٹی آئی کے پاس آئندہ انتخابات میں عمران خان کے علاوہ کوئی امیدوار نہیں ہوگا سیاسی و قبائلی زعماء کی پارٹی میں شمولیت سے مسلم لیگ(ن) مزید مضبوط اور مستحکم ہوگی۔ یہ بات مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما و سابق صوبائی وزیر شیخ جعفر خان مندوخیل،چوہدری نعیم کریم اور خدا بخش لہڑی نے سیٹلائٹ ٹاون میں خدا بخش لہڑی کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کے موقع پر منعقد ہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے 2013ء میں خوشحال اور مستحکم پاکستان کی بنیاد رکھی اس دور میں ملک کی ترقی کی شرح تیزی سے بڑھ رہی تھی معیشت مستحکم ہوئی اور سی پیک کے منصوبوں کے تحت بلوچستان سمیت ملک بھر میں ترقی کا نیا دور شروع ہوا لیکن بدقسمتی سے 2018ء کے انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کا مینڈیٹ ایک ایسے شخص کو دیدیا گیا جس نے عوام سے جھوٹ،دھوکہ اور فریب کے علاوہ کچھ نہیں کیا گزشتہ چار سالوں میں ملک کی معیشت کاپہیہ جام ہوچکا ہے ملک دیوالیہ ہونے کے قریب تھا تمام سفارتی تعلقات منقطع ہوچکے تھے پاکستان تنہائی کا شکار تھا اس تمام تر صورتحال میں مسلم لیگ(ن) نے قومی جماعت ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے عمران خان کو جمہوری طریقے سے ہٹایا اور ملک تباہ ہونے سے بچالیا مسلم لیگ(ن) نے ملک اورقوم کی خاطر جو سخت فیصلے لئے ہیں اسکے ثمرات جلدسامنے آنے شروع ہوجائیں گے ہماری قیادت نے پاکستان کودیوالیہ ہونے سے بچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 8حلقوں میں اس لئے انتخاب لڑا کیونکہ انکے پاس کوئی امیدوار ہی نہیں تھا اور پی ٹی آئی کو آئندہ عام انتخابات میں بدترین شکست ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اپنی دوسیٹیں کم کروانے کا جشن منانے والوں کی سیاسی بصیرت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے ملکی اداروں کو ہدف تنقید اور بلاجواز متنازعہ بنانے والے کسی بھی صورت ملک اورقوم کے خیرخواہ نہیں ہوسکتے آج پاکستانی قوم کو اس بات کا ادراک کرنے کی ضرورت ہے کہ کون ملک کے لئے اسوقت کھڑا ہے جب ایک شخص نے ملک کو دیوالیہ کرنے اور تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں سیاسی اور باشعور لوگ مسلم لیگ(ن) میں اس لئے شامل ہورہے ہیں کیونکہ میاں نواز شریف،میاں شہباز شریف کا بیانیہ پاکستانیت پر مبنی ہے ہم ایک ملک اورایک قوم چاہتے ہیں لوگوں کی جوق در جوق شمولیت سے پارٹی بلوچستان میں فعال اور مضبوط ہوگی تمام نئے شامل ہونے والے افراد پارٹی پیغام کا بھر پورانداز میں نہ صرف پرچار کریں بلکہ اس کو گھر گھر پہنچائیں۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ خدا بخش لہڑی اورانکے ساتھی پارٹی کو مضبوط کرنے میں بھر پور کردار ادا کریں گے
پی ٹی آئی کے پاس آئندہ انتخابات میں عمران خان کے علاوہ کوئی امیدوارنہیں ہوگا،جعفرخان مندوخیل

ٹیگز:
جعفر خان مندوخیل
