بطور وزیر اعظم عمران خان آزاد نہیں تھے تو آج قوم کو کیا آزادی دیں گے؟آفتاب شیرپاؤ
چار سدہ (ڈیلی گرین گوادر)قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ عمران خان ایک طرف کہتے ہیں کہ وہ بے اختیار وزیر اعظم تھے جب کہ آج کہتے ہیں کہ وہ قوم کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، جب بطور وزیر اعظم عمران خان آزاد نہیں تھے تو آج قوم کو کیا آزادی دیں گے؟
پی ڈی ایم کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ عمران خان نے اپنے چار سالہ دور حکومت میں ملک کو تباہ و برباد کر دیا، آڈیو لیک سے ثابت ہوا امریکہ نے عمران خان کے خلاف کوئی ساز ش نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ آڈیو لیک سےعمران خان کی خود ساختہ سازش بے نقاب ہو گئی، صدر ڈاکٹر عارف علوی نے بھی امریکی ساز ش کی نفی کر دی ہے، عمران خان کو پی ڈی ایم اور اتحادی جماعتوں نے آئینی طریقے سے ہٹایا۔
پی ڈی ایم کے زیر اہتمام منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر امیر مقام نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ عمران خان نے کیا تھا لیکن سزا موجودہ حکومت کو ملی۔امیر مقام نے کہا کہ آڈیو لیکس سے عمران خان کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے، عمران خان کے قول و فعل میں تضاد ہے۔