سب کو نظر آرہا ہے اس قوم کا فتنہ کون ہے،آصف علی زرداری

اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ سب کو نظر آرہا ہے اس قوم کا فتنہ کون ہے۔سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ پوری قوم اس وقت سیلاب زدگان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن ان کی مدد کرنے کی کوشش کررہی ہے، اور عمران خان جلسہ جلسہ کھیل رہے ہیں۔آصف زرداری نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب کی صوبائی حکومتیں صرف جلسوں کی تیاریوں میں مصروف ہیں، اور دونوں صوبوں میں سیلاب زدگان کے ساتھ صرف وفاقی حکومت نظر آرہی ہے۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ سب کو نظر آرہا ہے اس قوم کا فتنہ کون ہے، آج سب کو انسان اور حیوان کا پتہ چل گیا ہے، اس شخص نے اس ملک کو کمزور کرنے کا کہیں سے ٹھیکا لیا ہوا ہے۔سابق صدر نے کہا کہ کوئی اس ملک کو کمزور کرے، ہمارے جیتے جی تو یہ نہیں ہوسکتا، ہم اداروں، جرنیلوں کو اس شخص کی ہوس کی خاطر متنازع نہیں بننے دیں گے، ہمارے ہرسپاہی سے لیکر جرنیل تک ایک ایک فرد بہادر اور محبت وطن ہے۔

سابق صدر نے بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت پر بات کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں نے روایتی حریف کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، میری دعائیں اور نیک تمنائیں قومی ٹیم کے ساتھ ہیں۔آصف زرداری نے مزید کہا کہ خوشی کے ان لمحات میں اپنے ہم وطنوں جو بارش اور سیلاب کے متاثرین کی بحالی کو دعا میں یاد رکھا جائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے