اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ آج انصاف کی فتح ہوئی ہے، آئین کی بالادستی کو قبول کیا گیا ہے، عوام کے مینڈیٹ کا احترام کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 17 جولائی کو پنجاب کے عوام نے واضح پیغام دیا تھا کہ ایک بیانیہ جو عمران خان نے قوم کے سامنے پیش کیا تھا، ہم نے دل کو اس سے قبول کیا ہے، یہ امپورٹڈ حکومت جو ہم پر مسلط کی گئی اس کو مسترد کرتے ہیں، پہلے انہوں نے ضمیر فروشوں کو ساتھ ملا کر اپنی اقلیت کو اکثریت میں تبدیل کیا، پھر جب وہ ڈی سیٹ ہوئے تو عوام نے انہیں مسترد کرکے عمران خان کے مؤقف کو درست قرار دے دیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ منتخب نمائندگان نے واضح اکثریت سے چوہدری پرویز الہٰی کو وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب کیا، 186 ووٹ انہیں حاصل ہوئے جبکہ ان کے مدمقابل حمزہ شہباز 179 ووٹ لے سکے۔ان کا کہنا تھا کہ ثابت ہو گیا کہ پاکستان کی عدلیہ آزاد ہے، پاکستان کے آئین کا دفاع کرنے کے لیے ان میں پختہ عزم بھی ہے، اس کا آج عملی مظاہرہ دیکھا، تحریک انصاف کے کارکنان، پاکستانی کے عوام، جمہوری قدروں سے منسلک لوگوں اور وکلا برادری کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اس فیصلے اور ان انتخابات کے بعد پاکستان کی سیاست ایک نیا رخ اختیار کرے گی، عمران خان بہت جلد عوام سے رجوع کریں گے، امید ہے کہ پاکستان کے عوام اس ملک کو اس دلدل سے نکالنے کےلیے ان کا ساتھ دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے دس دوستوں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں، انہوں نے عدالت میں آکر ثابت کیا کہ وہ اپنے فیصلے پر اٹل ہیں، اور راتوں رات لائے گئے چوہدری شجاعت حیسن کے خط کو خاطر میں نہیں لاتے۔شاہ محمود قریشی نے سوال کے جواب میں کہا کہ ملک کا مستقل حل صاف اور شفاف انتخابات ہیں، پرویز الہٰی حلف اٹھائیں گے، انہوں نے اپنے اختیارات عمران خان کو سونپے ہیں اور کہا ہے کہ میں مشاورت سے چلوں گا، ہمارا خاص ایجنڈا ہے، ہماری اس ایجنڈے کی تکمیل کرکے خواہش ہوگی کہ عوام کے پاس جایا جائے گا، اور ایک فریش مینڈیٹ لیا جائے۔
انہوں نے شہباز شریف سے کہوں گا کہ قوم کو مزید نہ آزمائیں، باوقار طریقے سے مستعفی ہوں، اسمبلیاں تحلیل کریں اور نئے انتخابات کی تیاری کریں، قوم کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا موقع دیں۔پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری اسد عمر کا کہنا تھا کہ پچھلے چار مہینے میں پاکستان کی سیاست نے ایک نیا رخ اختیار کیا ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار نہیں ہوا تھا کہ جمہوری مینڈیٹ کسی اور کے پاس ہو اور بند کمروں میں سازشوں کی بنیاد پر اس عوام کے مینڈیٹ رکھنے والے سے اقتدار چھینا گیا ہو لیکن یہ پہلی بار ہوا ہے کہ بیروانی مداخلت ہوگئی اور دنیا کی بڑی طاقتوں نے زور لگا دیا لیکن وہ جھکنے کو تیار نہیں ہوا اور قوم اس لیڈر کےساتھ کھڑی ہو گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان واقعی قوم بن چکی ہے، اور وہ کسی کی ڈکٹیشن لینے کو تیار نہیں ہے، یہ دلیری جو قوم نے دکھائی ہے کہ غلامی منظور نہیں ہے، اور پاکستان کے فیصلے بند کمروں میں نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ جس کا دعویٰ ہے کہ وہ سب پر بھاری ہے، وہ 21 جولائی کی رات کو ایک اور خط لہرا کر پاکستان کی عوام کا مینڈیٹ نہیں چھین سکتا، مبارک ہو پاکستان روشن مستقبل کی طرف جا رہا ہے۔

