کوئٹہ میں احتجاجی مظاہرین پرپولیس کی شیلنگ، متعدد بچے وخواتین زخمی
کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) زیارت میں لاپتہ بلوچ افراد کو قتل کرنے کیخلاف کوئٹہ میں منعقدہ مظاہرے میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے خواتین، بچوں اور دیگر مظاہرین پر آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کیا گیا۔ مظاہرین پرامن طور پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروا رہے تھے۔ مظاہرین ریلی کی صورت میں اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے ریڈ زون میں داخل ہوئے تو پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کے ذریعے انہیں منتشر کرنے کی کوشش کی۔ پولیس کی جانب سے متعدد مظاہرین پر تشدد بھی کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے کی گئی شیلنگ کے باعث متعدد بچے اور خواتین شدید زخمی ہوگئے، متعدد بچے اور خواتین آنسو گیس کی شیلنگ سے بے ہوش ہوگئے۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی جس کے باعث کئی لوگ زخمی ہوئے۔ ریڈ زون میں پولیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کے باعث دیگر راہگیربھی متاثر ہوئے اور ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی۔