بجٹ کسی ایک جماعت یا فرد کا نہیں صوبے کے عوام کا ہے، میرعبدالقدوس بزنجو
کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ بجٹ کسی ایک جماعت یا فرد کا نہیں بلکہ صوبے کے عوام کا بجٹ ہے بجٹ میں ساتھ دینے پر کابینہ کے ساتھیوں اور پارلیمانی دوستوں کا شکر گزار ہوں۔یہ بات انہوں نے منگل کو صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کرنے پر کابینہ کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ساتھ دینے پر کابینہ کے ساتھیوں اور پارلیمانی دوستوں کا شکر گزار ہوں بجٹ کسی ایک جماعت یا فرد کا نہیں بلکہ صوبے کے عوام کا بجٹ ہے ماضی میں بجٹ کے دنوں میں اسمبلی کے باہر حقوق مانگنے والوں کے دھرنے اور احتجاج ہوتا تھامختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے 20 سے 30 گروپ اسمبلی کے باہر احتجاج کر رہے ہوتے تھے ہم نے بجٹ میں ہر شعبہ کو شامل کر کے احتجاج کے رجحان کا خاتمہ کیا۔انہوں نے کہا کہ جو ماحول اس بجٹ سیشن میں اسمبلی میں نظر آرہاہے اسکی مثال ماضی میں نہیں ملتی بجٹ میں ہر ضلع کو قطع نظر سیاسی وابستگی یکساں ترجیح حاصل ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے آئندہ بھی سب کوساتھ لیکر چلنے کے عزم کا اظہار کیا۔