بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،عمران خان
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ان خیالات کا اظہار وزیرِ اعظم عمران خان نے بلوچستان کے معدنی وسائل کو برؤے کار لانے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، فروغ نسیم، ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد شریک تھے جبکہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان اور وزیرِاعلیٰ بلوچستان جام کمال خان بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں بلوچستان کے معدنی وسائل کو برؤے کار لانے کے حوالے سے روڈ میپ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
شرکا کی جانب سے وزیراعظم کو بلوچستان ایکسپلوریشن کمپنی کے کردار، دائرہ کار کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے معدنی وسائل کے فروغ کے حوالے سے فریم ورک سے متعلق اجلاس کو بریف کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سرمایہ کار اور ممتاز کاروباری شخصیات بلوچستان کے معدنی وسائل کو برؤے کار لانے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے بلوچستان میں معدنی وسائل کی دریافت اور انکو برؤے کار لانے کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جبکہ صوبے کے معدنی وسائل کو نہایت شفاف اور منظم طریقے سے بروے کار لایا جائے، وسائل کو صوبے کے عوام کی خوشحالی کے لئے استعمال میں لانے کو یقینی بنایا جائے۔