صوبے بھر میں قلیل المدتی اور طویل المدت چھوٹے اور میگا پراجیکٹس پر کام تیزی سے جاری ہے لیاقت شاہوانی
کوئٹہ(گرین گوادر نیوز) ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں عوام کی فلاح و بہبود کی ترقی کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت کام کر رہی ہے صوبے بھر میں قلیل المدتی اور طویل المدت چھوٹے اور میگا پراجیکٹس پر کام تیزی سے جاری ہے جس کی مانیٹرنگ وزیر اعلیٰ بلوچستان خود کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت گوادر کی ترقی اور وہاں شروع کئے گئے میگا پراجیکٹس پر ٹھوس حکمت عملی کے تحت کام جاری رکھے ہوئے ہیں بلکہ اس کے لیے مزید ترقیاتی منصوبوں کے لیے منصوبہ بندی بھی جاری ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے تین سال مکمل ہو چکے ہیں اور ان تین سالوں کی کارکردگی عوام کے سامنے عیاں ہے ہم اس ضمن میں خالی دعوے نہیں کر رہے بلکہ ہمارا ترقیاتی عمل زمینی حقائق پر مشتمل ہے اور جلد ہی صوبہ ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں آ سکے گا انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبے کی پسماندگی کے خاتمے کے لئے تہیہ کر رکھا ہے اور ترقی یافتہ بلوچستان اس حکومت کی اولین ترجیح ہے سوشل سیکٹر کو اولیت دی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ ہماری تین سالہ کارکردگی عوامی خدمت اور ترقی کا سفر سب کے سامنے ہے ہم اس ترقیاتی عمل کو ہر حال میں جاری رکھیں گے انہوں نے کہا کہ دہشت گردانہ کاروائیاں اس عمل کو سبوتاژ کرنے کی سازش ہیں جسے صوبائی حکومت کسی طور پر بھی کامیاب نہیں ہونے دے گی انہوں نے کہا کہ صوبے میں ترقی کے عمل کو جاری رکھنے کے لئے امن وامان کا ہونا لازمی عنصر ہے اور صوبائی حکومت ہر حال میں امن برقرار رکھے گی اور کسی بھی صورت میں دہشت گردانہ کارروائیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا اس نوعیت کے واقعات میں ملوث افراد سے آ ہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا