کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا ہے کہ خوشحال، مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کیلئے فرسودہ نظام میں تبدیلی ناگزیر ہے۔ملک کو درپیش معاشی، سیاسی اور سماجی مسائل کی بنیادی وجہ موجودہ فرسودہ نظام ہے، جس میں اصلاحات اور بنیادی تبدیلی کے بغیر عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنا مشکل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر طلبا کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جس کی قیادت عدنان بلوچ کررہے تھے۔پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں، پاکستان کی آبادی میں نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے، اس لیے ملک کے مستقبل کو بہتر بنانے کیلئے نوجوانوں کو تعلیم، تحقیق، مثبت سوچ اور تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی ملک میں ایسا نظام چاہتی ہے۔جس میں عام شہری کو بنیادی حقوق، معیاری تعلیم، روزگار، صحت اور انصاف کی سہولیات میسر ہوں اور فیصلے عوامی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو بار بار درپیش بحرانوں سے نکالنے کیلئے روایتی طرزِ سیاست اور فرسودہ انتظامی ڈھانچے سے آگے بڑھنا ہوگا۔ نوجوان نسل کو ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اور قومی معاملات میں شعور، برداشت اور مثبت رویے کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا مستقبل کے معمار ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو درست سمت میں بروئے کار لاکر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔ اس موقع پر طلبا کے وفد نے بھی مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وفد میں تیمور خان، شاہنواز خان، جلیل احمد، کبیر خان، اجمل ندیم، احمد بنگلزئی، شامیر لہڑی اور شازیب خان شامل تھے۔
خوشحال پاکستان کیلئے فرسودہ نظام کا خاتمہ ضروری ہے، پروفیسر حلیم صادق

ٹیگز:
پروفیسر حلیم صادق
