باڑہ (ڈیلی گرین گوادر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ خیبر کے علاقے باڑہ، خصوصاً اکا خیل میں ڈرون حملوں کے نتیجے میں معصوم بچوں اور خواتین کی المناک شہادت انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس واقعے کے خلاف نکالے گئے پرامن عوامی احتجاجی جلوس کے شرکاء پر پولیس کی جانب سے براہِ راست فائرنگ نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے، جو واضح طور پر پشتون عوام کے خلاف مسلسل ظلم، جبر ، ناانصافی اور ریاستی جبر کے تسلسل کی عکاسی کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتون قوم ایک جانب دہشت گردی کا مسلسل شکار ہے، جبکہ دوسری جانب دہشت گردی کے خلاف کیے جانے والے اقدامات بھی اکثر اسی مظلوم قوم کے خلاف استعمال ہو رہے ہیں، جو نہایت افسوسناک اور قابلِ تشویش امر ہے۔ خیبر باڑہ کے اکا خیل میں پیش آنے والے یہ المناک واقعات ایک بار پھر ان سنگین خدشات کو تقویت دیتے ہیں کہ نام نہاد انسدادِ دہشت گردی آپریشنز کے دوران اکثر عام شہری، بالخصوص پشتون عوام، براہِ راست متاثر ہوتے ہیں۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ماضی میں قبائلی اضلاع، خیبر پختونخوا اور پشتون اکثریتی علاقوں میں ہونے والے فوجی آپریشنز کے دوران عام آبادی کو شدید جانی، مالی اور نفسیاتی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ گھروں کی تباہی، جبری نقل مکانی، خواتین اور بچوں کی شہادت اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی ایسے حقائق ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ اگر ریاستی پالیسیوں کے نتیجے میں شہری مسلسل عدم تحفظ اور خوف کا شکار رہیں تو یہ نہ صرف پالیسیوں کی ناکامی ہے بلکہ انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی بھی ہے۔ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ بے گناہ خواتین، بچوں اور نہتے شہریوں کو کسی بھی صورت نشانہ بنانا کسی بھی مہذب، آئینی اور انسانی اقدار پر مبنی معاشرے میں ناقابلِ قبول ہے۔ یہ عمل بین الاقوامی انسانی قوانین، بنیادی انسانی حقوق اور انصاف کے تقاضوں کے سراسر منافی ہے۔ طاقت کے بے دریغ استعمال سے امن قائم نہیں ہوتا بلکہ اس سے نفرت، محرومی اور بے چینی میں اضافہ ہوتا ہے۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے خیبر باڑہ کے اکا خیل میں پیش آنے والے ان افسوسناک واقعات کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ان واقعات کی فوری، آزاد، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں اور ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ پارٹی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ بے گناہ انسانوں کا خون کسی صورت رائیگاں نہیں جانے دیا جا سکتا اور پشتون عوام کی جان، عزت، سلامتی اور بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ ہر حال میں یقینی بنایا جانا چاہیے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام پشتون ملت پال سیاسی جماعتوں، قومی رہنماؤں، سیاسی کارکنوں، سول سوسائٹی، انسانی حقوق کی تنظیموں اور باشعور عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ پشتون وطن کی بقا، امن، انصاف، قومی وحدت اور بنیادی حقوق کے حصول کے لیے ایک مشترکہ قومی ایجنڈے پر متحد ہوں۔ موجودہ حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ قومی یکجہتی، سیاسی شعور اور اجتماعی جدوجہد کے ذریعے پشتون عوام کے خلاف جاری ظلم، جبر، بدامنی اور استحصالی پالیسیوں کا راستہ روکا جائے۔ آخر میں کہا گیا ہے کہ پشتون عوام ہمیشہ امن، انصاف، آزادی اور باعزت زندگی کے خواہاں رہے ہیں اور اپنے ان جائز قومی و انسانی حقوق کے حصول کے لیے اپنی پرامن، منظم اور مؤثر جدوجہد کو مزید مضبوط کرتے رہیں گے، کیونکہ تاریخ گواہ ہے کہ جب عوام متحد اور بیدار ہوتے ہیں تو ظلم و جبر کے ایوان لرز اٹھتے ہیں۔
باڑہ میں ڈرون حملوں کے نتیجے میں معصوم بچوں اور خواتین کی المناک شہادت انتہائی افسوسناک ہے : پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

ٹیگز:
پشتونخوا نیشنل
